Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ویمنز ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ون ڈے میں شکست دیدی

دبئی: پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ون ڈے چیمپیئن شپ کے دوسرے میچ میں بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز کو 34رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ ڈیانا بیگ نے34رنز دے کر4وکٹیں حاصل کیں۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے سدرہ امین کے96اور ندا ڈار کے 81رنز کی بدولت 240رنز بنائے۔ جوابی بیٹنگ میں پاکستانی بولرز نے مہمان ٹیم کو 206رنز پر آوٹ کر دیا ۔سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستانی ٹیم کو آوٹ کلاس کر دیا تھا تاہم دوسرے میچ میں پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کرکے سیریز کو یکطرفہ ہونے سے بھی بچا لیا۔پاکستانی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جسے سدرہ امین اور ندا ڈار نے درست ثابت کیا ۔ سدرہ اپنی سنچری مکمل نہ کر سکیں اور 96کے اسکور پررن آوٹ ہو گئیں۔ انہوں نے 121گیندوں کا سامنا کیا اور14چوکے لگائے۔ انہوں نے ندا ڈار کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں102رنز کا اضافہ بھی کیا ۔ ندا ڈار نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 2چھکوں اور7چوکوں کی مدد سے 86گیندوں پر81رنز بنا کر بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ ثناء میر 21رنز کے ساتھ ڈبل فگرز میں پہنچنے والی تیسری بیٹر تھیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شاکرہ سلمان اور دیوندرا ڈوٹن نے 2-2وکٹیں لیں۔ شمیلا کونل اور ایفی فلیچر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ پاکستا کی4بیٹرز رن آوٹ بھی ہوئیں۔ ویسٹ انڈیز کو ہدف تک پہنچنے سے روکنے میں پاکستانی بولر ڈیانہ بیگ نے بنیادی کردار ادا کیا جبکہ ثناء میر نے بھی ان کا عمدگی سے ساتھ دیا اور دونوں نے مل کر 7وکٹیں لیں ۔ جن میں کپتان اسٹیفانی ٹیلر کی اہم وکٹ شامل تھی جو 48رنز بنا سکیں۔ نتاشا میکلین نے پاکستانی بولرز کو پریشانی سے دوچار کئے رکھا اور 76گیندوں پر2چھکوں اور8چوکوں کی مدد سے82رنز بنانے میں کامیاب ہوئیں۔ ٹیم کو ہدف تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم ندا ڈار نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ لے کر پاکستان کو فتح دلا دی۔شمیلا کونل15رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہیں۔ چیڈین نیشن نے23رنز بنائے ۔ ویسٹ انڈین ٹیم آخری اوور کی چوتھی گیند پر 206رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی ۔ ڈیانا بیگ نے4، ثنا ء میر نے3اور نتاشا سندھو نے 2جبکہ ندا ڈار نے ایک وکٹ لی۔96رنز بنانے والی پاکستانی اوپنر سدرہ امین کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: