Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیسرا ٹیسٹ: انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 154پر آل آوٹ کردیا

گراس آئسلٹ:ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پہلی بار انگلش ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن میزبان ٹیم کے خلاف برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور ویسٹ انڈیز کو 154رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد انگلینڈ نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 19رنز بناتے ہوئے 142رنز کی برتری حاصل کرلی۔انگلینڈ کے فاسٹ بولر مارک ووڈ نے کیریئر میں پہلی مرتبہ اننگز میں5وکٹیں حاصل کیں جبکہ معین علی نے 4کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ انگلش ٹیم نے پہلے دن کے اسکور 231/4پر پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا لیکن بقیہ6وکٹیں اسکور میں صرف 46رنز کا اضافہ کر سکیں۔جوز بٹلر پہلے دن کے اسکور 67رنز میں کسی اضافے کے بغیر آوٹ ہو گئے جبکہ 62رنز پر کھیلنے کیلئے آنے والے بین اسٹوکس 79رنز پر کیچ ہوئے تو باقی بیٹسمینوں کو ویسٹ انڈین بولرز نے آسانی سے قابو کر لیا ، معین علی 13، جونی بیئر اسٹو2،مارک ووڈ6جبکہ جیمز اینڈرسن صفر پر لوٹ گئے ۔انگلش اننگز کی خاص بات یہ رہی کہ ویسٹ انڈین بولر ز نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38فاضل رنز دیئے ۔کیمرروچ نے4،شینن گیبریئل، الزاری جوزف اورکیمو پال نے2،2وکٹیں لیں۔ ویسٹ انڈین بولر نے16وائڈ بالز کے ساتھ 38فاضل رنز دے کر انگلش اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کیا ۔ ویسٹ انڈیز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز کی جانب سے57رنز کے اشتراک کے بعد بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی اور مارک ووڈ کے ساتھ معین علی نے بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاسٹ اور اسپن بولنگ کے امتزاج سے میزبان بیٹسمینوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور 47.2اوورز میں154رنز پر پوری ٹیم کو آوٹ کرکے انگلینڈ کو 123رنز کی برتری دلا دی۔ اوپنر جان کیمپبل41اوروکٹ کیپر شین ڈاﺅورچ38رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ انگلینڈ نے برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرکے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 19رنز بنالئے اور برتری142رنز تک پہنچا دی۔ ویسٹ انڈیز پہلے ہی یہ سیریز0-2سے اپنے نام کر چکا ہے ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: