Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل:کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست دے دی۔ دبئی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی جانب سے ٹام مورس اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عامر نے دوسرے ہی اوور میں ٹام کو پویلین واپس بھیج دیا جبکہ شان مسعود بھی 20 رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے۔کپتان شعیب ملک نے لاری ایونس کے ساتھ ملکر ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور اس دوران روی بوپارا کے اوور میں 24 رنز بھی حاصل کئے جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ شعیب ملک نے 24 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری بھی مکمل کی ، ایونس 49 کی اننگز کھیل کر رن آوٹ ہوگئے۔آندرے رسل نے محمد عامر کو چھکا رسید کرکے اپنے خطرناک عزائم ظاہرکئے لیکن اگلی ہی گیند پر عامر نے انہیں 9 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا جبکہ اگلے ہی اوور میں شعیب ملک بھی 52 رنز کی اننگز کھیل کر عثمان شنواری کا شکار بن گئے۔شاہد آفریدی اور حماد اعظم نے 17ویں اوور میں سہیل خان کو 20 رنز مارے ، کراچی کنگز کی مشکلات میں اضافہ کیا لیکن محمد عامر نے اگلے ہی اوور میں پہلے شاہد آفریدی اور پھر حماد اعظم کو واپس پویلین بھیج کر ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن کا صفایا کردیا۔کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے 4، سہیل خان نے 2 جبکہ عثمان شنواری اور عمر خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ٹاس کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو کراچی کنگز کی جانب سے لیام لیونگ اسٹون اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور 157 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی جو کراچی کنگز کی تمام سیزن کی اب تک کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کی۔ لیام لیونگ 43 گیندوں پر 82 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے جس کے بعد کولنگ انگرام بیٹنگ کے لیے آئے لیکن صرف ایک رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔بابراعظم بھی 77 رنز کی اننگز کھیل کر کرس گرین کا شکار بنے ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ عماد وسیم بھی 4 رنز بناکر گرین کا شکار بنے، سکندر رضا کی اننگز بھی 4 رنز تک محدود رہی۔ملتان سلطانز کی جانب سے کرس گرین نے 3 جبکہ جنید خان اور آندرے رسل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: