Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سہ فریقی سیریز: پاکستان نے فائنل میں سری لنکا کو تین وکٹوں سے ہرا دیا، فخر زمان کی سینچری

فخر زمان نے شاندار سینجری سکور کی اور 127 رنز بنائے ( فوٹو: اے ایف پی)
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں سنیچر کو کھیلے جانے والے سہ ملکی ون ڈے سیریز 2026 کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 325 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان نے یہ ہدف 49 ویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ایک مرحلے پر محض 14 رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ فخر زمان اور سعد بیگ نے تیسری وکٹ کے لیے 149 رنز کی مضبوط شراکت قائم کی اور پاکستان کو مستحکم پوزیشن تک پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے شاندار سینجری سکور کی اور 127 رنز بنائے، سعد بیگ نے 75 گیندوں پر74 رنز بنا کر پاکستان کی اننگز کو مضبوط سہارا دیا جبکہ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے عرفات منہاس نے31 گیندوں پر دھواں دھار 61 رنز بنائے۔ حسن نواز 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے کمنڈو مینڈس نے سینچری سکور کی اور 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 12 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ پون رتنائیکے 77 رنز سکور کیے۔
بیٹنگ کے لیے سازگار اس پچ پر پاکستانی بولروں نے سری لنکا کو رنز بنانے سے روکنے کی پوری کوشش کی۔ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ایک موقع پر 41 اوورز کے اختتام پر سری لنکا کا سکور دو وکٹوں کے نققصان پر 255 رنز تھا۔ امکان تھا کہ سری لنکا 350 ربز کا ہدف دے گا لیکن سینچری سکور کرنے والے کمنڈو مینڈس کے آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور آخری نو اوور میں یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔
یاد رہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاداب خان کو سری لنکا کے خلاف پانچویں ون ڈے میچ کے دوران باؤنسر گیند لگی تھی جس کے بعد طبی معائنے اور ڈاکٹرز کے مشورے کے تحت انہیں فائنل مقابلے کے لیے آرام دینے کا فیصلہ کیا ۔
شاداب خان کی عدم دستیابی کے بعد پاکستان کی فائنل الیون میں آل راؤنڈر فہیم اشرف کو شامل کیا گیا جبکہ شاداب خان کا نام ایمرجنسی فیلڈرز کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔
پاکستان کی فائنل الیون
معاذ صداقت، فخر زمان، بابر اعظم، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، حسن نواز، عرفات منہاس، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، نسیم شاہ، حارث رؤف۔
اس کے علاوہ صاحبزادہ فرحان، محمد غازی غوری، رضا اللہ خان، ابرار احمد اور شاداب خان کو ایمرجنسی فیلڈرز اور ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل رکھا گیا ہے۔
سری لنکا کی فائنل الیون
کمنڈو مینڈس، اَوشکا فرنانڈو، کشل مینڈس (کپتان و وکٹ کیپر)، پون رتھنائیکے، داسن شانکا، جانتھ لیاناگے سہان آرچگے، مہیش تیکشنا، دونتھ ویلا لاگے، اسیتھا فرنانڈو، دلشان مدوشانکا جبکہ بینچ پر دشمنتھا چمیرا، سچندو کولمباگے، ایشان ملنگا، کامل مشارا اور لہیرو اودارا بطور ریزرو کھلاڑی موجود ہیں۔

 

شیئر: