Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی 20: شہزادہ فیصل بن فرحان سے جرمنی، فرانس، جاپان اور برازیل کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

علاقائی صورتحال خصوصا میری ٹائم سکیورٹی کو درپیش خطرات پر بات کی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے سنیچر کو اٹلانٹا میں جرمنی، فرانس، جاپان اور برازیل کے ہم منصبوں نے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال خصوصا میری ٹائم سکیورٹی اور بین الاقوامی تجارت کو درپیش خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے جی 20 اجلاس کے موقع پر وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتوں میں تعلقات کا جائزہ لیا۔ حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بات چیت کی۔
آبنائے ہرمز اور باب المندب میں جہاز رانی کو درپیش خطرات، انرجی سکیورٹی، بین الاقوامی تجارت اور سپلائی چینز پر اس کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے آبی گرر گاہوں کے تحفظ اور بین الاقوامی تجارت کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
شہزادہ فیدصل بن فرحان نے جرمنی اور برازیلی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتوں میں علاقائی چیلنجز سے نمٹنے، سلامتی اور استحکام کی بحالی کے لیے بین الاقوامی ہم آہنگی کی اہمیت پر بات کی۔
جاپانی اور فرانسیسی ہم منصبوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں سعودی عرب کی سر زمین پر حوثی ملیشیا کے حملوں کا ذکر کیا گیا۔ سعودی عرب اور جاپان نے ان حملوں کی مذمت کی، علاقائی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے یکجہتی کا اعادہ کیا۔
ان ملاقاتوں میں امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بھی موجود تھیں۔

 

 

شیئر: