Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کے سینچری میکرز

اسرار احمد
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا دوسرا مرحلہ متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں اتوار کو احتتام پذیر ہوا اور ایک دن کے ارام کے بعد ٹیمیں دوبارہ دبئی کا رخ کریں گی جہاں منگل سے ٹورنامنٹ کا تیسرا اور اہم مرحلہ شروع ہوگا۔
پی ایس ایل کے سابقہ ایڈیشنز کی طرح اس دفعہ بھی کوئٹہ گلیڈیٹر کی شاندار پرفارمنس جاری ہے۔
اتوار کی رات تک کوئٹہ کی ٹیم اس ایونٹ میں ناقابل شکست چلی آرہی تھی اور جب شارجہ اسٹیڈیم میں گلیڈیٹر نے کراچی کنگز کو جیتنے کے لیے 187 رنز کا ٹارگٹ دیا اور چار رنز کے سکور پر کنگز کی دو وکٹیں بھی اڑا دی تو سٹیڈیم اور ٹی وی پر میچ دیکھنے والے سب کو یقین ہوگیا کہ کوئٹہ کی ناقابل شکست رہنے کی روایت آج بھی قائم رہے گی۔
لیکن اس مرحلہ پرکنگز کے جنوبی افریقی بلے باز کولن انگرام کریز پر آئے اور پھر وہی ہوا جسے کسی کو بھی یقین نہیں تھا۔ انگرام نے کوئٹہ گلیڈیٹر کے جبڑے سے فتح چھین لی۔
انگرام نے پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز 127 رنز صرف 59 گیندوں پر اسکور کی۔ اس فتح گر کارکردگی کے ساتھ انگرام پی ایس ایل کی تاریخ کے ان چند کھلاڑیوں کے کلب میں شامل ہوگئے جنہوں نے پی ایس ایل میں تین کے ہندسے کا سکور کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
ذیل میں ہم پی ایس ایل میں سینچری اسکور کرنے والے کھلاڑیوں اوران کی کارکردگی کا مختصرجائزہ لیتے ہیں۔
  • شرجیل خان:
پاکستان سپر لیگ کی سب سے پہلی سینچری اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان نے ٹورنامنٹ کے اولین ایڈیشن میں بنایا تھا۔
شرجیل خان نے سینچری پشاور زلمی کے خلاف اولین ایونٹ کے سیمی فائنل میں دبئ کرکٹ اسٹیڈیم میں بنایا تھا۔ شرجیل کے 62 گیندوں پر 117 کی دھواں دھار اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 177 رنز کا چیلنجنگ ٹارگٹ دینے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم 126 رنز بناکر آٓؤٹ ہو گئی تھی۔
  • کامران اکمل:
کامران اکمل کو پی ایس ایل کی  تاریخ میں دو سینچریاں سکور کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ کامران اکمل نے پہلی سینچری سنہ 2017 میں پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں سکور کی تھی۔
کامران اکمل نے تین مارچ 2017 کو دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف میچ میں 65 گیندوں پر 104 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ کامران اکمل کی سینچری کی بدولت پشاور زلمی کراچی کنگز کو 182 کا ٹارگٹ دینے میں کامیاب ہوگیا تھا ۔ جواب میں کراچی کنگز سات وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز ہی بنا سکا تھا۔
پی ایس ایل کے تاریخ کی تیسری سینچری بھی کامران اکمل نے تیسرے سیزن کے سیمی فائنل میں شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں سکور کی تھی۔
16 مارچ 2018 کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں کامران اکمل نے لاہور قلندرز کے خلاف 61 گیندوں پر ناقابل شکست 107 رنز کی اننگز کھیلی۔  اکمل کے 107 رنزکی بدولت پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے 173 رنز کے ٹارگٹ کو کامیابی سے حاصل کیا تھا ۔
  • کولن انگرام:
جنوبی افریقہ کے کولن انگرام نے نہ صرف پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے بڑی انفرادی اسکور کا اعزار اپنے نام کرلیا بلکہ وہ پی ایس ایل میں سینچری بنانے والے واحد غیرملکی کھلاڑی بھی بن گئے۔ انگرام سے پہلے سب سے بڑی انفرادی اننگز کا اعزاز شرجیل خان کے پاس تھا۔
  • پاکستان سپر لیگ کے ہر سیزن میں ایک ہی سینچری:
پی ایس ایل کے اب تک کھیلے جانے والے ہر ایڈیشن میں ایک ہی سینچیر بن سکی ہے۔ پی ایس ایل فور کی واحد  سینچری کراچی کنگز کے انگرام نے اتورا کو شارجہ میں سکور کیا۔
دیکھنا یہ ہے کہ رویت کے مطابق یہ پی ایس ایل فور  کی واحد سینچری ثابت ہوتی ہے یا کوئی اور کھلاڑی روایت شکن ہونے کا کردار ادا کرکے اس سیزن کے بقیہ میچوں میں سینچری اسکور کر پاتا ہے کہ نہیں۔

شیئر: