Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کا اقوام متحدہ کی اپیل پر یمن کیلئے 500 ملین ڈالر عطیے کا اعلان

ریاض۔۔۔ سعودی عرب اقوام متحدہ کی اپیل پر یمن کو 500 ملین ڈالر عطیہ دے گا۔ یہ اعلان شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے نگران اعلیٰ اور مشیر ایوان شاہی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے منگل کو جنیوا میں اقوام متحدہ ، سوئٹزر لینڈ اور سویڈن کے زیر اہتما م منعقد ہونے والی عالمی کانفرنس میں کیا۔ یمن کو عطیات دینے والے ممالک اور فریق کانفرنس میں شریک ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے بھی یمن کی مدد کیلئے اقوام متحدہ کے انسانی نواز پروگرام کی مد میں 500 ملین ڈالر کے عطیے کا اعلان کیا۔ اس کا اعلان امارات کی وزیر مملکت برائے عالمی تعاون ریم الہاشمی نے کیا۔ الربیعہ نے یمنی بھائیوں کو ایران کے حمایت یافتہ مسلح حوثیوں کے پیدا کردہ بحرانوں سے نجات دلانے کیلئے کانفرنس کا اہتمام کرنے پر اقوام متحدہ ، سوئٹزر لینڈ اور سویڈن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کی بدولت ہمارے یمنی بھائی حوثیوں کی انسانیت سوز سرگرمیو ں کے عذاب سے نجات حاصل کرسکیں گے۔ الربیعہ نے توجہ دلائی کہ حوثیوں کی وجہ سے یمن کو بہت سارے چیلنج درپیش ہیں۔ حوثی امدادی سامان مستحقین تک پہنچنے کی راہ میں اب تک رکاوٹیں پید ا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے ان کی تازہ ترین 12 خلاف ورزیاں بمع ثبوت پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ستمبر 2014ءسے سعودی عرب اب تک یمنی بھائیوں کو 11 ارب 460 ملین ڈالر دے چکا ہے۔ علاوہ ازیں 2 ارب 200 ملین ڈالر یمنی کرنسی کی تقویت کیلئے یمن کے سنٹرل بینک میں جمع کرائے ہوئے ہیں۔ 
 

شیئر: