Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 4 کی دریافت: حارث،عمر، موسیٰ اور احسن

دبئی : پاکستان سپر لیگ 4میں کئی غیر معروف یا نئے کھلاڑی سامنے آرہے ہیں جبکہ شاداب خان ، محمد نواز اور فخر زمان سے شاہین آفریدی تک، ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی طویل فہرست ہے جنہوں نے پی ایس ایل سے نکل کر دنیا میں نام کمایا۔ سیزن 4میں بھی کئی ایسے کھلاڑی سامنے آئے ہیں جن سے امید ہے کہ مستقبل میں آگے جائیں گے۔ ان کھلاڑیوں میں پہلا نام ہے حارث روف کا۔ لاہور قلندرز گو کہ کارکردگی کے لحاظ سے ہمیشہ پیچھے رہتاہے لیکن جہاں بات ہو نئے کھلاڑیوں کی تلاش اور ان کو بڑا پلیٹ فارم دینے کی تو پی ایس ایل کی کوئی ٹیم لاہورقلندرز کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور تراش خراش بہت بڑا کام ہے جو لاہورقلندرز کے کوچ عاقب جاوید انجام دے رہے ہیں۔ سب کی نظریں حارث روف پر ہیں یہ نوجوان 150 کلومیٹر کی رفتار سے گیند کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اب تک 11 وکٹیں لے چکا ہے اور حسن علی کے بعد اب تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والا بولر بھی ہے۔ حارث روف پی ایس ایل 4 میں سہیل تنویر، محمد عامر، جنید خان اور وہاب ریاض جیسے بولرز سے بھی آگے ہے۔کراچی کنگز کا 19 سالہ بولر عمر خان اب تک 7 وکٹیں لے چکا ہے جن میں اے بی ڈی ویلیئرز، شین واٹسن، لیوک رونکی اور کورے اینڈرسن جیسے بیٹسمین شامل ہیں۔عمر خان 21ویں کھلاڑی کے طور پر کراچی کنگز کے اسکواڈ میں منتخب ہوا لیکن اب ٹیم کامستقل حصہ ہے۔ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اورفرنچائز کے صدر وسیم اکرم بھی عمر خان کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔عمرخان ہر میچ میں کسی نہ کسی بڑے بیٹسمین کو آوٹ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ عمرخان کا تعلق فاٹا سے ہے اور ان کے والد کی ٹائر پنکچر کی دکان ہے لیکن اپنے بیٹے کا شوق پورا کرنے کیلئے انھوں نے اس کی قدم قدم پر رہنمائی اورحوصلہ افزائی کی۔ عمرخان کا فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز بھی بہت متاثر کن تھا جس میں انہوں نے پشاور کی دوسری اننگز میں صرف 37 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ایسی ہی کارکردگی اسلام آباد یونائیٹڈ کے 18سالہ محمد موسیٰ خان کی ہے، بہترین رفتار کے ساتھ نپی تلی بولنگ کر رہے ہیں۔ پشاور زلمی جیسی مضبوط بیٹنگ لائن کے خلاف موسیٰ نے کامران اکمل، ڈیوڈ ملان اور ڈیرن سیمی کی وکٹیں حاصل کیں، وہ حیران کن تھا لیکن ایک بار پھر بیٹنگ میں کوئی ایسا دمکتا ستارہ نظر نہیں آیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے احسن علی نے کچھ متاثر ضرور کیا جس نے قلندرز کے خلاف دونوں مقابلوں میں اچھی بیٹنگ کی۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: