Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہموطنوں کی سہولت کیلئے" پاکستان ایپ "جاری کی جائے گی ، عبدالشکور

مقامی قوانین کا خیال رکھنا ہر ایک کا فرض ہے ،  ویلفیئر قونصلر کا کمیونٹی سے خطاب
طارق نورالٰہی ۔تبوک
     تبوک:پاکستان ایمبیسی ریاض سے ویلفیئر قونصل عبدالشکور اور قونصلر ٹیم  نے تبوک ریجن کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر قونصلر عبدالشکور نے کمیونٹی سے پاکستان انٹرنیشنل ا سکول تبوک میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانے کی کوشش ہوتی ہے کہ کمیونٹی کو بہتر سے بہتر خدمات مہیا کی جائیں جس کیلئے سفارتخانہ اور قونصلیٹ ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں ۔مملکت میں مقیم ہم وطنوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کی غرض سے کمیونٹی سے مسلسل رابطہ بھی رکھا جاتا ہے تاکہ انکے مسائل سے واقف ہو کر انہیں بہتر انداز میں حل کیاجاسکے ۔ قونصل عبدالشکور نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہم وطنوں کی خدمت کے حوالے سے جلد ہی سفارتخانے کی جانب سے "پاکستان ایپ" کا افتتاح کیاجائیگا جس سے سعودی عرب میں موجود پاکبانوں اور سفارتخانہ کے درمیان براہ راست رابطہ ہو سکے گا اور تمام ضروری اہم معلومات کے علاوہ ہم وطنوں کو درپیش مسائل سے بھی مسلسل آگاہی ہو سکے گی ۔ پاکستان ایپ کے ذریعے مملکت میں مقیم پاکبان سفارتخانے یا قونصلیٹ کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کر سکیں گے جبکہ مملکت کے مختلف شہروں میں قونصلر ٹیموں کے دوروں کے بارے میں بھی انہیں معلومات مل سکیں گی ۔ قونصلر  ٹیموں کے دوروں کے حوالے سے لوگوں کوبروقت معلوم ہو سکے گا جس سے یہ آسانی ہو گی کہ وہ وقت پر مقررہ مقام پر پہنچ سکیں گے ۔ تقریب میں موجود پاکبانوں نے قونصلر عبدالشکور کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا جنکی ضروری رہنمائی کی گئی، علاوہ ازیں سفارتخانے کی ٹیم نے مقامی کوآرڈینیٹر سلیم کے ساتھ تبوک جیل میں پاکستانی قیدیوں سے ملاقات کی ۔ قونصلر ویلفیئر نے کمیونٹی کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ سفارتخانہ ہم وطنوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔ تارکین وطن کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جنہیں پیش نظر رکھتے ہوئے بہتر انداز میں کام کررہے ہیں ۔ انہو ں نے موجود ہم وطنوں نے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ارض حرمین کے تقدس کا ہر شخص خیال رکھے ۔ یہاں کے قوانین پر عمل کرتے ہوئے اس بات کو مدنظر رکھیں کہ آپکے ہر عمل کا براہ راست اثر وطن عزیز کی ساکھ پر مرتب ہوتی ہے کیونکہ ہر پاکستانی مملکت میں وطن عزیز کا سفیر ہے ۔
 
مزید پڑھیں:- - - -پی ٹی آئی جدہ یونٹ کے تحت پاکستان کے حالات پر مجلسِ مذاکرہ

شیئر: