Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحفیظ قرآن کے تمام اساتذہ سعودی ہونگے

جدہ ۔۔۔ سعودی عرب کے تمام علاقوں میں تحفیظ قرآن کے جملہ اساتذہ سعودی ہونگے۔ وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ تحفیظ قرآن کی فلاحی انجمنوں کے سربراہ اعلیٰ کی حیثیت سے اساتذہ کی سعودائزیشن مہم کی نگرانی خود کریں گے۔ یہ بات وزارت اسلامی امور کے ترجمان عبدالعزیز العسکر نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحفیظ قرآن کے اساتذہ اور استانیوں کو خصوصی کورس کرائے جائیں گے۔ یہ فیصلہ درپیش چیلنجوں اور منحرف فکری دھاروں سے نمٹنے کیلئے کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراسلامی امور سعودی اساتذہ کی تقرری کی نگرانی اس جذبے سے کررہے ہیں کہ طلبہ محفوظ تربیتی ماحول میں نشوونما پائیں ۔ انحراف کے علمبرداروں کے چنگل میں نہ پھنسیں ۔ وزارت نے تحفیظ قرآن کی انجمنوں کے بیشتر اہلکار سعودی مقرر کردیئے ہیں باقیماندہ غیر ملکیوں کی جگہ بھی جلد سعودی تعینات کردیئے جائیں گے۔ وزارت اسلامی امور تخریبی دھاروں کی دراندازی اور منحرف افکار کی دخل اندازی کے سدباب کا مشن چلائے ہوئے ہے۔ اس کی کوشش ہے کہ تحفیظ قرآن کی انجمنیں ان سے محفوظ رہیں۔ سعودی عرب انتہاپسندی کے انسداد اور نئی نسلوں کو اعتدال پسند اور میانہ رو بنانے کے حوالے سے انتہائی فکرمند ہے۔ تمام سرکاری ادارے اپنے اپنے دائرے میں اسی جہت میں کام کررہے ہیں۔ 

شیئر: