Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن نے ہند کا بائیکاٹ کردیا

لندن:ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن نے ہند کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے ۔ فیڈریشن کی جانب سے پاکستان سمیت تمام رکن ممالک کو خط لکھا گیا ہے جس میں انہیں ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن کا بائیکاٹ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اس کے ساتھ ہر قسم کے رابطے سے روک دیا گیا ہے۔ دوسری جانب انٹر نیشنل کرکٹ کونسل میں ہند کے خلاف ایسے ہی اقدامات کی بازگشت سنائی دے رہی ہے اورآئی سی سی نے عالمی مقابلوںکی میزبانی پاکستانی کرکٹرز اور آفیشلز کے ویزوں کی تحریری ضمانت سے مشروط کر دی ہے ۔ ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جب تک ہند کی حکومت بلا امتیاز تمام ریسلرز کو ویزے جاری کرنے کی تحریری ضمانت نہیں دیتی اس وقت تک ہندکی ریسلنگ فیڈریشن سے تمام روابط ختم کردیئے جائیں۔ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے احکامات کی روشنی میں عملی طور پر ایسا کرنے والی پہلی عالمی اسپورٹس تنظیم ہے۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکریٹری ارشد ستار نے ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کے اس خط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں متعدد مواقع پر پاکستانی ریسلرز کو بروقت ویزے نہ دے کر ایونٹ میں شرکت سے محروم کیا گیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے کہا تھا کہ اگرہند پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ٹی 20ورلڈ کپ کےلئے ویزوں کے اجراءکی پیشگی اور تحریری ضمانت نہ دے تو اسے میگا ایونٹ کی میزبانی سے محروم کیا جائے۔ ہند نے 2021 میں ٹی 20ورلڈ کپ اور 2023 میں آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے۔
 کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: