Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لیٹس میٹ کار ایکسپو‘: جدہ میں خلیجی ممالک کی موڈیفائڈ گاڑیوں کی نمائش

جدہ میں شہر کی سب سے بڑی کار نمائش ’لیٹس میٹ کار ایکسپو‘ میں ترمیم شدہ (موڈیفائڈ) گاڑیوں کی نمائش اور معروف برانڈز کی شرکت کے ساتھ ایک منفرد ایونٹ جدہ سپرڈوم میں منعقد کیا گیا۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جدہ سپرڈوم میں منعقد ہونے والی سب سے بڑی کار ایگزیبیشن میں خلیجی ممالک سے لائی گئی 100 سے زیادہ موڈیفائڈ گاڑیاں شائقین کے لیے ایک منفرد تجربہ ثابت ہوئیں۔
ایکسپو محض گاڑیوں تک ہی محدود نہیں تھی بلکہ کاروں کے شوقین افراد اور آٹو موڈیفیکیشن کے دلدادہ لوگوں کے لیے یہ نمائش ایک ہمہ جہت انٹرایکٹیو اور سنسنی خیز تجربہ ثابت ہوئی۔ نمائش میں ریموٹ کنٹرول اور فور بائی فور گاڑیوں کے عملی مظاہرے بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنے۔
کار ایکسپو کی ایک اور خاص بات یہ تھی کہ یہاں موڈیفائڈ گاڑیوں کے درمیان مقابلے بھی منعقد کیے گئے جن میں بہترین گاڑیوں کے مالکان کو انعامات سے نوازا گیا۔
موڈیفیکیشن مقابلے کے لیے آٹو انڈسٹری کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی تھیں جنہوں نے ججز کے فرائض انجام دیے اور مقررہ معیار کے مطابق گاڑیوں میں کی جانے والی ترمیم کو جانچا اور اپنی رائے سے آگاہ کیا۔
کار نمائش میں مستقبل کی ٹرانسپورٹ اور جدید ٹیکنالوجی کو بھی نمایاں مقام دیا گیا جن میں الیکٹریکل اور ہائبرڈ گاڑیوں کی بھی وسیع رینج شامل تھی۔

اس کے علاوہ متعدد برانڈز کے نئے ماڈلز کو بھی پہلی بار اس ایونٹ میں متعارف کرایا گیا۔
نمائش میں موٹر بائیکس کا بھی کارنر مخصوص تھا جبکہ سپیئر پارٹس سے وابستہ کمپنیوں نے بھی خصوصی طور پر نمائش میں شرکت کرتے ہوئے اپنی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

شیئر: