Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اتوار سے منگل تک مزید بارشوں اور برف باری کا امکان، بادل کہاں برسیں گے؟

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ اتوار سے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں محکمہ موسمیات نے اتوار سے منگل تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ اتوار سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 26 جنوری کو ملک کے بالائی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔
اتوار کی شب  نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگا جہاں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ 
بلوچستان کے بیشتر اضلاع بشمول کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی، تربت، گوادر، جیوانی، کیچ، آواران، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
اسی دوران بالائی سندھ (سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو) میں بھی بارش متوقع ہے۔
26 اور 27 جنوری کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور بالائی و وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
چند مقامات پر شدید برفباری کا بھی امکان ہے، خصوصاً چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، حویلی اور راولا کوٹ میں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 جنوری کی شب سے 27 جنوری کے دوران شدید برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔

مری ایکسپریس وے کھول دی گئی

ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موسم میں بہتری کے بعد مری ایکسپریس وے کھول دی گئی ہے۔ ہزارہ ایکسپریس وے اچھڑیاں سے کس پل تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے تاحال بند ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں سے گزارش ہے موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری طور پر سفر سے گریز کریں۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق اب تک 1500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے (فوٹو: ریسکیو1122)

وادی تیراہ: متاترین کے لیے ریسکیو آپریشن

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں وادی تیراہ میں برف باری میں پھنسے متاترین کے لیے ریسکیو آپریشن آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق اب تک 1500 سے زائد افراد اور 350 گاڑیوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ 100 سے زائد افراد کو طبی امداد بھی فراہم کی گئی ہے۔

 

شیئر: