Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 43 رنز سے ہرادیا

ابوظبی : متحدہ عرب امارات میں پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 26ویں اور آخری میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 43 رنز سے شکست دے دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اس فتح کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ اسلام یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر تمام ٹیموں کی طرح پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پی ایس ایل 2019ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے شین واٹس اس میچ میں بہتر بیٹنگ نہ کرسکے اور 15 رنز بناکر سمت پٹیل کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔اس میچ میں گلیڈی ایٹرز کے دوسرے اوپنر احمد شہزاد نے 46 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے اور مین آف دی میچ رہے۔احمد شہزاد نے پہلے اعظم خان اور پھر ریلی روسو کے ساتھ شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔اعظم خان کے ساتھ 38 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی جو 62 کے مجموعے پر اختتام پذیر ہوئی جس کے بعد 23 رنز بنانے والے ریلی روسو کے ساتھ 46 رنز کی اہم پارٹنرشپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ ریلی روسو کے آوٹ ہونے کے بعد 108 رنز پر ہوا۔اس کے بعد احمد شہزاد نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر اسکور 152 رنز پر پہنچایا۔ عمر اکمل 27 رنز بنا کرعماد بٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔آخری اوور میں محمد نواز نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر ٹیم کے اسکور کو 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 تک پہنچادیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف 4 اور عماد بٹ نے 3 جبکہ ظفر گوہر اور سمت پٹیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بہترین آغاز فراہم کیا۔دونوں نے 62 رنز بنائے جہاں کیمرون ڈیلپورٹ فواد احمد کی گیند پر اسٹمپ آوٹ ہوگئے۔اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور 3 رنز کے فرق سے پہلے فلپ سالٹ اسی اوور میں فواد احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ ان کے بعد اگلے ہی اوور میں محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوکر آصف علی بھی بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہو گئے۔ لیوک رونکی 64 رنز بنانے کے بعد کیچ آوٹ ہوگئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 137 رنز ہی بناسکی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فواد احمد 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے تاہم سہیل تنویر اور محمد حسنین نے 2،2 جبکہ محمد نواز اور ڈیوائن براوو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان کے بیٹے اعظم خان پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کا اگلا اور گروپ اسٹیج کا آخری میچ لاہور قلندرز کے خلاف کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ 
 کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: