Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرٹھ : تجاوزارت ہٹانے پر ہنگامہ، فائرنگ اور گاڑیاں نذر آتش

میرٹھ۔۔۔یوپی کے ضلع میرٹھ میں تجاوزات ہٹانے پر ہنگامہ برپا ہوگیا۔مشتعل ہجوم اور پولیس کے مابین جھڑپ کے دوران پولیس اہلکاروں کے وائرلیس اور رائفلز چھین لی گئیں۔پورے علاقے میں افراتفری مچ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ریاستی ٹرانسپورٹ کی بسوں اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑکے بعد آگ لگا دی گئی ۔بھوسا منڈی میں مذہبی مقام میں آتشزنی کے واقعہ کی خبر شہر میں پھیلتے ہی گھنٹہ گھر علاقے کے تاجروں نے دکانیں بند کردیں۔بیگم پل سے بھینسالی بس اسٹینڈ تک ضلع انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کی گئی۔ اس دوران مظاہرین نے ٹریفک جام کردی۔ پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کرکے ٹریفک بحال کی۔سوتی گنج میں سڑک پر رکھے ہوئے گاڑیوں کے پارٹس ، کباڑ اور سامان ہٹوائے گئے۔ اس دوران کباڑیوں کو انتباہ جاری کیا گیا کہ دوبارہ کباڑ سڑک پر رکھا گیا تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔پولیس نے بھینسالی بس اسٹینڈ کے باہر ٹھیلے لگانے والوں پر لاٹھیاں برسائیں۔بھینسالی بس ڈپو کے بس ڈرائیور سنیل کمار نے بتایا کہ تقریباً150سے زائد افراد بس پر حملہ آور ہوگئے ۔ بس میں سوار بچے و خواتین سمیت 30افرادزخمی ہوگئے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیااور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ ڈی ایم  اور  ایس ایس سمیت کئی تھانوں کے پولیس دستے علاقے میں تعینات کردیئے گئے۔پولیس نے متعدد شرپسندوں کو گرفتار کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔
مزید پڑھیں:- -  - -رامپور: محمد علی جوہر یونیورسٹی کے اردو گیٹ پر بلڈوزر چلادیا گیا؟

شیئر: