Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولیعہد کی ہدایت پر عسیر میں اہم منصوبے مکمل کرنیکا اعلان

ریاض۔۔۔ ولیعہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر عسیر ریجن میں صحت، نقل و حمل اور بلدیاتی خدمات سے متعلق کئی ارب ریال کے اہم منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ اس کا اعلان اتوار کو گورنر شہزادہ ترکی بن طلال نے خصوصی تقریب کے دوران کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہزادہ ترکی بن طلال نے بتایا کہ متعلقہ منصوبوں کی تکمیل سے پورے خطے کا نقشہ بدل جائے گا۔ یہاں کنگ فیصل میڈیکل سٹی کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے گا یہ ایک ہزار سے زیادہ بستروں پر مشتمل ہوگا۔ یہ اسپیشلسٹ اسپتال امراض قلب کے مرکز ، کینسر کے علاج کے مرکز، اعصابی بیماریوں کے مرکز نیز بچوں کے امراض کے مرکز پر مشتمل ہوگا۔ کنگ فیصل میڈیکل سٹی سے عسیر، باحہ، نجران اور جازان 4 ریجنوں کے عوام فائدہ اٹھائیں گے۔ بلدیاتی خدمات کے حوالے سے متعدد منصوبے نافذ ہونگے۔ ان میں سب سے اہم بات یہ ہوگی کہ عسیر ریجن کے تمام شہروں میں انسانی ماحول برپا کیا جائے گا۔ انسانی تقاضوں کی تکمیل کا اہتمام ہوگا۔ اس ضمن میں منفرد قسم کے پارک قائم ہونگے۔ شہروں کے وسطی علاقوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ جھیلوں کو پرکشش بنایا جائے گا۔ تمام عمارتوں کے بیرونی حصوں کو پرکشش بنانے کا اہتمام ہوگا۔ تاریخی قریے قائم ہونگے۔ قلعوں کے اطراف کے علاقے کو سجایا جائے گا۔ عسیر ریجن میں موجود ریستورانوں کی درجہ بندی ہوگی۔ صفائی کی مربوط اور منظم نگرانی کا انتظام کیا جائے گا۔ تعمیراتی ملبے کی بروقت صفائی کا شہریوں کو پابند بنایا جائے گا ۔ عسیر ریجن میں نقل و حمل کے بھی متعدد منصوبے روبہ عمل لائے جائیں گے۔ عسیر جازان شاہراہ کے ذریعے ٹریفک سلامتی کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔ اس پر 6 ارب ریال لاگت آئے گی۔ یہ شاہراہ عقبتہ شعار، ضلع اور الجوہ کے بالمقابل واقع ہوگی۔ اس کی بدولت مذکورہ مقامات پر ٹریفک اژدحام کو قابو کیا جاسکے گا۔ خصوصاً ٹرکوں کا رش ٹوٹ جائے گا۔ عسیر ریجن کو اقتصادی اور ترقیاتی مقامات سے بھی جوڑا جائے گا۔ اس ضمن میں 4 ارب ریال کی لاگت سے جدہ اور جازان کے ساحلی روڈ کو کشادہ کیا جائے گا۔ عسیر کو مکہ مکرمہ اور جازان سے شاہراہ کے ذریعے مربوط کردیا جائے گا جس کی بدولت مکہ مکرمہ اور جازان کے سفر کا دورانیہ مختصر ہوجائے گا۔ فضائی نقل و حمل کا نظام موثر بنانے کیلئے ابہا ہوائی اڈے کو جدید تر بنایا جائے گا۔ موجودہ ٹرمینل کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ یہاں سے سالانہ 1.1 ملین کے بجائے 2.5 ملین افراد سفر کرسکیں گے۔ بنیادی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے وزرائے نقل و حمل و صحت و بلدیاتی و دیہی امور نے عوام کو مشترکہ پریس کانفرنس کرکے تفصیلات بتائیں۔ 
 

شیئر: