Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بوئنگ 737میکس 8کے ڈیزائن میں تبدیلی کا حکم

امریکہ نے اپنی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کو 737میکس 8کے ڈیزائن میں رواں سال اپریل سے تبدیلی کا حکم دے دیا ہے۔ یہ تبدیلیاںگذشتہ برس اکتوبر میں ہونے والے ہولناک حادثے کے بعد سے زیرغور تھیں تاہم گذشتہ اتوار پیش آنے والے دوسرے بڑے  طیارہ حادثے کے بعد ان تبدیلیوں پر عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ 
یاد رہے کہ ایتھوپین ایئرلائن کا مسافر طیارہ گذشتہ اتوار کو ادیس ابابا سے کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے لیے پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں157افرادہلاک ہوگئے تھے ۔
اس حادثے کے بعد امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ پرطیارے کے محفوظ ہونے پر کئی سوالات اٹھ گئے ہیں۔ جدید طیارہ 737میکس 8گذشتہ 5ماہ کے دوران 2بار حادثے کا شکار ہوا ، اس سے قبل گذشتہ برس اکتوبر میں انڈونیشیا کا طیارہ بھی تباہ ہوگیا تھا جس میں 189افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ 
بوئنگ 737میکس 8جدید ٹیکنالوجی سے لیس بالکل نیا طیارہ ہے اور سال 2017سے اس کا کمرشل استعمال شروع ہوا تھا۔ 
بوئنگ نے گذشتہ روز پیر کوخبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ’ بوئنگ جلد ہی سافٹ ویئر میں تبدیلیاں متعارف کرائے گا، طیارے کو مزید محفوظ بنانے کیلئے کئی مہینوں سے اس کے ڈیزائن پر کام جاری ہے ۔‘
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف ایف اے) نے مزید بتایاکہ بوئنگ سسٹم کی نئی تبدیلیوں کے بارے میں عملے کو آگاہ کرے گا اور انہیں خود کار حفاظتی سسٹم ’مینیورنگ کریکٹرسٹکس آگمنٹیشن سسٹم (MCAS )کے استعمال کے حوالے سے مناسب تربیت دی جائے گی۔ ‘
فیڈل ایوی ایشن کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا اور ایتھوپین ایئرلائن کے تباہ ہونے والے طیاروں میں مماثلت کا موازنہ کیاجارہا ہے، تاہم ابھی تحقیقات کا آغاز ہوا ہے اور تاحال کوئی ایساڈیٹا نہیں مل سکا جس کی مدد سے ہم کسی حتمی نتیجے پر پہنچ سکیں اور کوئی کارروائی کرسکیں۔‘
امریکہ کی ٹرانسپورٹیشن سیکرٹری ایلین چاؤ نے صحافیوں کو بتایا کہ اگرطیارے کے محفوظ ہونے سے متعلق کوئی مسئلہ سامنے آیا تو اس حوالے سے عملی قدم اٹھانے سے نہیں ہچکچائیں گے۔ 
ہوائی کمپنیوں نے میکس 8طیارے گراؤنڈکردیے
واقعے کے بعددنیا بھر کی بڑی تعداد میںہوائی کمپنیوں نے بوئنگ 737میکس 8 طیاروں کو گراؤنڈ کردیا ہے۔ برازیل نے اپنی ہوائی کمپنیوں کو میکس 8طیاروں کے استعمال سے روک دیا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ برازیل میں ان طیاروں کی تعداد 121ہے۔ 
 چین نے مقامی ہوائی کمپنیوں ایئر چائنہ،چائنہ ایسٹرن ایئرلائنز سمیت دیگرکو ان طیاروں کے استعمال سے روک دیا ہے۔ چین کے پاس 96میکس 8طیارے موجود ہیں۔ 
ایتھوپیا نے واقعے کے بعد اپنے باقی چار میکس 8طیارے گراؤنڈ کرنے کااعلان کیا ہے۔ انڈین حکام کا کہنا ہے کہ وہ طیارہ سازکمپنی سے رابطے ہیں اورانہوں نے اپنے پانچ میکس 8طیارے گراؤنڈ کردیئے ہیں۔ 
انڈونیشیا نے بھی اپنی ہوائی کمپنی کو عارضی طور پر میکس 8طیاروں کے استعمال سے روک دیا ہے جبکہ سیمن آئرلینڈ کی ہوائی کمپنی نے بھی اپنے دو میکس 8طیاروں کو گراؤنڈ کردیا ہے۔
میکسیکو نے واقعے کے بعداپنے چھ میکس 8طیاروں کی پروازیں معطل کردی ہیں ۔ادھر سنگاپور نے بھی عارضی بنیادوں پر میکس 8طیاروں کو گراؤنڈ کردیا ہے اور مذکورہ طیاروں کے ملکی حدود میں داخلے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ 
سنگاپور ایئرلائنز نے اپنے چھ جبکہ انڈیا کی جیٹ ایئرویز نے بھی پانچ بوئنگ میکس 8 طیاروں کا استعمال معطل کر دیا ہے۔ 
 

شیئر: