Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی میں پل منہدم، 6افراد ہلاک،34زخمی

ممبئی۔۔۔۔ممبئی میں چھتر پتی شیواجی ٹرمینس (سی اے سی ٹی) ریلوے اسٹیشن کے قریب فٹ اوور برج منہدم ہونے  سے 6افراد ہلاک اور 34زخمی ہوگئے۔ ممبئی پولیس نے ٹویٹر پر بتایا کہ
سی ایس ٹی کے شمالی پلیٹ  فارم نمبرایک کو بی ٹی لین سے مربوط کرنیوالا فٹ اوور برج  منہدم ہوگیا ۔ پولیس اور امدادی ٹیموں نے  جائے وقوعہ پر پہنچ کرملبے میں دبے افراد کو باہر نکالنے کی کارروائی شروع کی اور ایمبولینس کے ذریعے فوراً اسپتال پہنچایا۔مرنیوالوں میں زاہد، سراج خان ، تپیندر سنگھ اور گوکل تیج پال اسپتال میں کام کرنیوالی 2نرسیں اپوروا پربھو اور رنجنا تانبے جبکہ تیسری خاتون بھکتی شندے شامل ہیں۔
ہندوستان ویب سائٹ کے مطابق موقع پر موجود لوگوں نے بتایا کہ جس وقت پل کا  حصہ منہدم ہوا اس وقت اتفاق  سے ٹریفک سگنل بند تھااگر ایسا نہ ہوتا تو مرنیوالوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی تھی۔ اس پل سے 500میٹر کے فاصلے پر ممبئی میونسپل کارپوریشن کا دفتر اور ممبئی کا صدر دفتر اور سی اے ایم اے اسپتال بھی واقع ہے۔شام کے وقت یہاں لوگوں کی بھیڑ جمع رہتی ہے۔
ممبئی کے وزیر اعلیٰ فڑنویس نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پل کی جانچ کی گئی تھی جس میں اسے مکمل پائدار قراردیا گیا تھا۔تاہم اس واقعہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائیگی۔وزیر اعلیٰ نے  مرنیوالوں کے لواحقین کو فی کس 50ہزار روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔واضح ہو کہ ممبئی میں 9ماہ کے دوران پل منہدم ہونے  کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔3جولائی2018ء میں ممبئی میں شدید بارش کی وجہ سے اندھیری اسٹیشن کے قریب پیدل چلنے والا پل (فٹ اوور برج) کا ایک حصہ منہدم ہوجانے سے مغربی لائن پر لوکل ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی تھی ۔ اس حادثے میں 2افراد ہلاک جبکہ 5زخمی ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں:- - - -دہلی کسی کی جاگیر نہیں،مکمل ریاست کا فیصلہ عوام کرینگے، کیجریوال

شیئر: