Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاسی کھیل کی کوئی گنجائش نہیں

15مارچ 2019 جمعہ کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے عربی اخبار عکاظ کا اداریہ نذر قارئین
    سعودی عرب نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے سامنے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ و فروغ کی جدو جہد جاری رکھے گا، پائیدار ترقی کیلئے ہر سطح پر کوشاں رہے گا،اپنی حقیقی سماجی اقدار کی پاسداری کرتا رہے گا۔انسانی حقوق کے قومی ادارے کے سربراہ ڈاکٹر بند ر العیبان نے انسانی حقوق کونسل کے سامنے سعودی عرب کا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عدالت اپنے شرعی اور قانونی اختیارات خودمختاری کیساتھ روبہ عمل لارہی ہے۔ انصاف، شفافیت اور غیر جانبداری کے جملہ پیمانوں پر عمل پیرا ہے۔
    سعودی عرب نے اپنے شہری جمال خاشقجی کے قتل کے ملزمان پر مقدمے کی کارروائی کے حوالے سے اطمینان دلایاکہ ساری کارروائی قانونی بنیادوں اور آئینی اصولوں پر مبنی ہے۔ ساری کارروائی درست اور ٹھیک ہے۔ کسی کو بھی اپنے سیاسی ایجنڈے اور عیارانہ مشن کے تحت اس قضیے سے سیاسی مقاصد پوری کرنے کا موقع نہیں دیا جائیگا۔یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہوچکی ہے کہ بعض فریق اس قضیے کو اپنے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے استعمال کررہے ہیں۔ سعودی عرب کیلئے یہ بات کسی طرح بھی قابل قبول نہیں۔ وہ ریاستی بالادستی اور عدالتی خودمختاری کے اصول پر کار فرما ہے ۔یہ ہر ملک کا قانونی حق ہے۔ اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق بین الاقوامی قوانین اس کی ضمانت دیتے ہیں۔
    سعودی عرب مختلف شعبوں میں ہرسطح پر ترقیاتی عمل جاری رکھے گا۔ اس سلسلے میں انسانی حقوق کی آگہی کا خصوصی اہتمام کرتا رہے گا اور یہ چیز سعودی وژن 2030کی بنیادوں میں شامل ہے۔

شیئر: