Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مارچ میں سیلاب کاکوئی خطرہ نہیں ، محکمہ موسمیات

ریاض۔۔۔۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں کہ خلیجی ممالک سمیت سعودی عرب میں رواں ماہ کے دوران سیلاب کا خطرہ ہے۔ سوشل میڈیا صارفین بے بنیاد خبریں پھیلانے سے اجتناب کریں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ٹویٹر اور واٹس ایپ صارفین نے ہفتہ کے دن وسیع پیمانے پر یہ خبر پھیلائی ہے کہ امریکی بحریہ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ مارچ کے دوران خلیجی ممالک سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ہوگی جس کے باعث سیلاب کا امکان ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ محکمہ کے ماہرین موسمی تغیرات پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ مارچ کے مہینے میں موسلادھار بارش کا کوئی اشارہ نہیں۔ موسمی نقشوں کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ ماہ رواں کے دوران جن علاقوں میں بارش متوقع ہے وہ معمول سے کم ہے۔ سوشل میڈیا صارفین خبروں کی تصدیق کے لئے متعلقہ محکموں سے رجوع کریں۔ اس طرح کے کسی خطرے کا امکان ہوتا تو محکمہ اپنی ویب سائٹ کے علاوہ آفیشل اکاﺅنٹس میں اس کا باقاعدہ اعلان کرتا اور امدادی محکموں کے ساتھ احتیاطی تدابیر اختیار کرتا۔ اس سے قبل 2015ءمیں بھی امریکی بحریہ سے منسوب افواہ گردش کرتی رہی کہ سعودی عرب میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ دوسری طرف موسمی ماہر ڈاکٹر خالد الزعاق نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں موسم بہار کا آغاز ہوچکا ہے جس میں دن اور رات برابر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ہفتہ کے دوران رات12گھنٹے رہے گی اور دن بھی اتنا ہی ہوگا۔ سورج 6بجے طلوع ہوگا اور 6بجے غروب ہوگا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے ریاض شہر کے علاوہ قرب وجوار کے علاقوں میں گرد وغبار کے طوفان کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض ، الدوادمی، عفیف، شقراءاور دیگر علاقوں میں اتوار کو بھی گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔یہی کیفیت تبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل، القصیم، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں بھی رہے گی تاہم اس کی شدت کم رہے گی۔ گرد وغبار کے طوفان کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی۔

شیئر: