Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک ہفتے میں 3افرادکو قتل کرنیوالا نوجوان گرفتار

نئی دہلی۔۔۔روہتک اور سونی پت میں ایک ہفتے کے اندر 3افراد کے قتل میں ملوث 19سالہ نوجوان وکاس عرف وکی کو دہلی پولیس نے بابا ہری داس نگر میں مڈبھیڑ کے بعد گرفتار کرلیاجبکہ اس کے معاون نے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے وکاس کے قبضے سے پستول، 5کارتوس ، موبائل اور بائک برآمد کرلی۔ گرفتار ملزم ہریانہ کے بدمعاش سندیپ عرف کالا جٹیھڈیا گینگ کا کارندہ ہے۔ڈپٹی کمشنراینٹو الفونس نے بتایا کہ 14مارچ کو دوپہر بابا ہریداس نگر تھانے میں تعینات حولدار سنیل ، پولیس اہلکار نودیپ اور دیپک علاقے میں گشت کررہے تھے۔ اسی دورا ن انہو ں نے موٹر سائیکل سوار 2مشکوک نوجوانوں کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن موٹر سائیکل سوارنے فرار ہونے کی کوشش کی ۔ پولیس نے تعاقب کرکے انہیں گرفتارکرلیا۔ایک بدمعاش کی شناخت گڈی کھیری روہتک (ہریانہ) کے رہنے والے وکاس عرف وکی کے طور پر جبکہ مفرور دوسرے بدمعاش کی شناخت سندیپ عرف کالا کے طور پر کی گئی۔ پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ وکاس نے 2ساتھیوں کی تعاون سے 7مارچ کو اپنے دادا کو گولی مار کر قتل کیا ،9مارچ کو 4ساتھیوں کے ساتھ مل کر نیہرا گاؤں کے قریب ایک بس ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کیا ،14مارچ کی صبح وکاس نے 8ساتھیوں کے ساتھ بھال گڑھ ( سونی پت) میں شراب کے ٹھیکیدار نریندر عرف نندا کو گولیوں سے چھلنی کردیا تھا۔پولیس افسران کا کہنا ہے کہ قتل کی ان وارداتوں کا مقصد ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا۔ہریانہ پولیس نے وکاس کو ریمانڈ پر لیکر پوچھ گچھ شروع کریگی۔امر اجالا ویب سائٹ کے مطابق بچپن میں والدین کی موت کے بعد وکاس تعلیم مکمل نہ کرسکا اور جرائم کی دنیا میں قدم رکھ دیا۔ کالا جٹیھڈیا گینگ میں شامل ہونے کے بعد اس نے لوٹ ماراورقتل کی واردات شروع کردی۔وکاس پر ہریانہ میں رہزنی ، لوٹ مار اور قتل سمیت 9مقدمات درج ہیں۔
مزید پڑھیں:-  -- - -ازدواجی زندگی کے مسائل باہمی الفت سے حل کئے جائیں، سپریم کورٹ

 

شیئر: