Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر چل بسے،وزیر اعظم اور صدر جمہوریہ کا اظہار افسوس

گوا۔۔۔گوا کے وزیر اعلیٰ اور سابق وزیر دفاع منوہر پاریکراتوار اور پیر کی درمیانی شب  63سال کی عمر میں چل بسے۔مرکزی حکومت نے قومی سوگ کا اعلان کیا ۔دہلی سمیت ملک کی تمام ریاستوں میں آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔گوامیں 7دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا۔صدر رامناتھ کووند، وزیراعظم نریندر مودی ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی اور کانگریس کے صدر راہول گاندھی سمیت کئی دیگررہنماؤں نےان کی موت پر اظہار افسوس کیا۔آج مرکزی کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں گوا کےنئے وزیر اعلی کے انتخاب پر غور و خوض کیا گیا۔اے بی پی نیوز کے مطابق منوہر پاریکر  4مرتبہ گوا کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے ۔2018سے وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے ۔
گزشتہ روز صحت خراب ہونے کے باوجوداپنے فرائض انجام دینے میں مصروف رہے اورگوا کے پاناجی میں آخری سانس لی۔آج شام 5بجےسرکاری اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
پاریکر کو گوا سے اس قدر پیار تھا کہ وزیر دفاع کے منصب پر فائز ہونے کے بعد بھی ان کا دل گوا میں لگا رہتا تھا۔منوہر پاریکر13دسمبر 1955ء کو ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے اور آر ایس ایس کے کارکن کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ آئی آئی ٹی ممبئی سے ڈگری حاصل کرنے کے بعد بھی وہ سنگھ سے منسلک رہے ۔ سرگرم سیاست میں حصہ لینے کے بعد1994میں پاناجی سے بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن میں کامیابی حاصل کی۔2014سے 2017تک وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ میں وزیر دفاع کے عہدے پر فائز رہے۔
مزید پڑھیں:- - - -اپوزیشن نےمودی مخالف مہم چلا رکھی ہے، ارون جیٹلی

 

شیئر: