Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان دوسرا ہی ٹیسٹ جیتنے والی تیسری ٹیم بن گئی

دبئی:پاکستان اور انگلینڈ کے بعد افغان کرکٹ ٹیم اپنے دوسرے ہی ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے والی تیسری ٹیم بن گئی جبکہ ہند کو ٹیسٹ میچ میں پہلی کامیابی کیلئے25میچوں اور20سال انتظار کرنا پڑا تھا ۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں آسٹریلیا وہ واحد ٹیم ہے جس نے اپنے پہلے ہی میچ میں کامیابی حاصل کی تھی اور یہ میچ 1877 ء میں کھلا گیا تھا جو پہلا ٹیسٹ میچ بھی تھا۔ انگلینڈ نے اسی سیریز کا دوسرا میچ جیت کر پہلی ٹیسٹ فتح حاصل کی تھی۔پاکستان کو اکتوبر 1952 ء میں ٹیسٹ ٹیم کا درجہ حاصل ہوا۔ پاکستانی ٹیم دہلی میں ہونے والے پہلے میچ میں شکست سے دوچار ہوئی لیکن اس نے اپنے دوسرے ہی میچ میں ہند کو شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ پاکستان نے یہ میچ ایک اننگز اور 43 رنز سے جیتا تھا۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ٹیم ویسٹ انڈیز کو پہلی کامیابی چھٹے میچ میں ملی جب اس نے جارج ٹاون میں نیوزی لینڈ کو شکست دی۔زمبابوے کو 1992 کو ٹیسٹ ٹیم کا درجہ دیا گیا اور اسے پہلی کامیابی پاکستان کے خلاف ملی اور یہ اس کا 11 واں ٹیسٹ تھا۔ جنوبی افریقہ نے 12 ویں میچ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔ یہ میچ 1906 ءمیں انگلینڈ کے خلاف ہوا تھا۔ سری لنکا کو اپنے 14 ویں میچ میں پہلی ٹیسٹ کامیابی ملی۔ اس نے بھی پاکستان کی طرح ہند کو ہرایا تھا ۔ ہند کی ٹیم نے ٹیسٹ کا درجہ ملنے کے تقریباً 20 سال اور 25میچ کھیل کر پہلی ٹیسٹ کامیابی حاصل کی جس کے دوران اس نے1952ءمیں انگلینڈ کو ہرایا تھا ۔بنگلہ دیش 2000ءمیں ٹیسٹ ٹیم بنا تا ہم اسے پہلا میچ جیتنے کیلئے 35 میچوںتک انتظار کرنا پڑا اور اس نے اپناپہلا میچ زمبابوے کے خلاف جیتا۔نیوزی لینڈ کو اپنی پہلی ٹیسٹ کامیابی کے حصول کیلئے 45 ویں میچ تک انتظار کرنا پڑا۔ اسے 1930ءمیں ٹیسٹ ٹیم کا درجہ ملا تھا لیکن پہلی جیت 1956ءمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف حاصل ہوئی۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: