Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شعیب ملک پر انضمام الحق کی عنایات !

لاہور:سابق کپتان شعیب ملک کو ایک مرتبہ پھر ٹیم کی قیادت سونپنے اور ورلڈ کپ میں بھی یقینی طور پر موقع دیا جانا چیف سلیکٹر انضمام الحق کی مہربانی کا نتیجہ ہے اور اسی تناظر میں اپنی جگہ مزید پکی کرنے کیلئے شعیب ملک نے اعلان کر رکھا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد وہ ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ اپنے18 سالہ کیرئیر میں شعیب ملک کو صرف 2007ء کا ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع ملا ہے اور وہ 2003ء ، 2011 ء اور 2015 ء کے ورلڈ کپ کیلئے ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے۔کیرئیر میں متعدد بار تنازعات سے دوچار رہنے والے شعیب ملک کو جنوری 2009 ءمیں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے اختتام پر منیجر یاور سعید اور کوچ انتخاب عالم کی رپورٹ پر قیادت سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ماضی میں بطور کپتان شعیب ملک کو غیر معمولی توجہ دینے والے چیف سلیکٹر انضمام الحق اب ایک بار پھر شعیب ملک پر مہربان دکھائی دیتے ہیں اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ 2017ءآئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 18.00 کی اوسط سے 5 میچوں میں 54 رنز بنانے والے شعیب ملک کی نہ صرف ٹیم میں واپسی ہوئی بلکہ وہ سرفراز کو آرام دینے کے نام پر کپتان بھی بنا دیئے گئے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعدامارات میں سری لنکا کی نا تجربہ کار اور بے جان بولنگ کے خلاف عمدہ بیٹنگ کرنے والے شعیب ملک نیوزی لینڈ کے دورے میں بری طرح ناکام رہے، جہاں پانچویں میچ میں فٹنس کے بہانے نہ کھیلنے والے بیٹسمین 4 ون ڈے میچوں میں صرف 49 رنز ہی بنا سکے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف اس سال 5 ون ڈے میچوں کی سیریز سرفراز احمد کی پابندی کے بعد شعیب ملک نے قیادت کا منصب سنبھالا لیکن بطور بیٹسمین وہ ایک مرتبہ پھر متاثر کرنے میں ناکام ثابت ہوئے اور 5 میچوں کی 4 اننگز میں وہ 23.75 کی اوسط سے 95 رنز ہی بنا سکے۔ حالیہ کارکردگی کے تناظر میں شعیب ملک کی قومی ٹیم میں پوزیشن پر ہی سوالات اٹھنے لگے تھے کہ انہیں کپتان بھی بنا دیا گیا۔کرکٹ حلقوں کے مطابق محض تجربے کی بنیاد پر شعیب ملک کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنا دانشمندی نہیں۔ 
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوزاسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: