Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طویل القامت پنجاب پولیس کااہلکار لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا

چنڈی گڑھ۔۔۔۔17سال قبل ایک ضعیف العمر نے جگدیپ کے ساتھ تصویر بنوانے کی فرمائش کی تھی یہ وہ دن تھا جب سیلفی کا آغاز ہندوستان میں ہوا تھا۔این بی ٹی کے مطابق 7فٹ 6انچ قد کے حامل خاموش طبع جگدیپ تنہائی پسند ہیں۔انہوں نے بزرگ کے ساتھ تصویر بنوانے سے انکار کردیا تھا۔ جگدیپ نے کہا کہ ضعیف شخص نے مجھ سے جو کچھ کہا وہ کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔انہوں نے پنجابی میںکہا تھاکہ’’ توڈی ہائٹ توڈی نہیں، پرماتما دا تحفہ ہے ، اگرتوسی کسے نو خوش کرسکدے تو طے اسنو نہ ، نا کرو(آپ کا قد آپ کا  نہیں بلکہ یہ قدرت کا دیا ہوا تحفہ ہے ، اگر آپ کسی کو خوش کرسکتے ہیں تو اس شخص کو کبھی منع نہ کریں)اس وقت سے آج تک ہندوستان کے سب سے طویل القامت پولیس اہلکار جگدیپ نے کسی شخص کے ساتھ فوٹو بنوانے سے انکار نہیں کیا۔جگدیپ نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن یا دفتر میں داخل ہوتے وقت سب سے پہلے اس بات کا دھیان رکھنا پڑتا ہے کہ کون سے کرسی سب سے مضبوط ہے اور پھراسے  دیوار سے لگا کر بیٹھتا ہوں۔بسا اوقات کرسی ٹوٹ جانے پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پنجاب پولیس میں ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر فائز جگدیپ کا وزن 190کلو گرام ہے۔
اپنی جیب سے خرچ کرنا پڑتا ہے
جگدیپ کو عموماً اووربرج اور حساس علاقوں میں تعینات کیا جاتا ہے۔ ڈیوٹی کے دوران انہیں مسلسل گشت کرنا پڑتا ہے کیونکہ انہیں پولیس کی گاڑی میں بیٹھنے میں مشکل پیش آتی ہے۔انہوں نے اپنے سائز کے اعتبار سے اپنی گاڑی کا سائز بڑا بنوارکھا ہے جس میں بیٹھ کر ڈیوٹی پر آتے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں پٹرول  جیب سے بھروانا پڑتا ہے جو اضافی خرچ ہے۔جگدیپ حال ہی میں لاس اینجلس کے ’’امریکاز گاٹ ٹیلنٹ‘‘شومیں شرکت کے بعد واپس آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روزانہ نئی نئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،وردی سلوانے سے قبل کئی شرائط پوری کرنی پڑتی ہیں ۔وہ امریکہ سے درآمد کئے جانے والے یو ایس سائز 20نمبر کے جوتے اور چپل پہنتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں چھوٹا تھا تو سلاد، جائفل، اور 8لیٹر دودھ کے ساتھ روزانہ تقریباً2درجن انڈے کھایا کرتاتھا۔ لیکن اب میری خوراک کافی کم ہوگئی۔
شادی کیلئے دلہن کی تلاش میں مشکلات
جگدیپ نے بتایا کہ شادی کیلئے دلہن تلاش کرنے میں گھروالوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ تلاش بسیار کے بعد 5فٹ 11انچ قامت والی دلہن سے شادی ہوئی۔اس وقت ان کی 10سالہ بیٹی ہے ۔ اہلیہ سکھ بیر کور نے کہا کہ مجھے بیحد خوشی ہوتی ہے کہ میرے شوہر مشہور شخص ہیں ۔ صرف ایک الجھن رہتی ہے کہ جب ہم گھر سے باہر جاتے ہیں تو ہر شخص ان کے اور میرے ساتھ تصویر بنوانے کی فرمائش  کرنے لگتا ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -ملیریاسے ہونیوالی موت کو حادثہ قرارنہیں دیا جاسکتا، سپریم کورٹ

شیئر: