سعودی عرب کے کئی علاقے اتوار سے جمعرات تک بارش کی زد میں
جمعہ 25 جولائی 2025 23:54
مکہ مکرمہ شہر اور ریجن کے متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے کہا ہے کہ ’مملکت کے بعض علاقوں میں اتوار سے جمعرات تک بارش کا قوی امکان ہے۔‘
قومی مرکز کے ایکس اکاونٹ پر جاری موسمی آگاہی پیغام میں موسمی حالات کے بارے میں مطلع کیا گیا ہے۔
متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا کہ ’مکہ مکرمہ شہر اور ریجن کے متعدد علاقوں میں کہیں ہلکی جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔‘
ریاض ریجن کے بعض علاقے، خمیس مشیط ، محایل عسیر، رجال المع ، المجاردہ میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کی توقع ہے۔
شہری دفاع کا کہنا ہے’ موسمیاتی مرکز کی جانب سے ان علاقوں کے رہائشی جہاں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔‘
’برساتی نالوں اور نشیبی مقامات پرپڑوا نہ ڈالیں علاوہ ازیں ندی نالوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔‘
ہائی وے ٹریفک پولیس کا کہنا ہے سفر کا آغاز کرنے سے قبل اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ آپ کی گاڑی فنی اعتبار سے درست ہے تاکہ راستے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
