فوگ واک پرومینیڈ جو سعودی کے جنوبی علاقے عسیر میں سطح سمندر سے 2400 میٹر سے زیادہ بلند ہے، گرمیوں میں لوگوں کے لیے ایک بڑا سیاحتی مقام بن گیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ پرومینیڈ النماص گورنریٹ میں واقع ہے، اس کی لمبائی سات کلومیٹر ہے اور یہاں سے تہامہ کے ساحلی میدانوں کے دلکش اور وسیع مناظر نظر آتے ہیں۔
مزید پڑھیں
اس علاقے کا موسم عام طور پر دھند آلود اور گرمیوں میں خوشگوار ہوتا ہے جہاں درجہ حرارت بہت کم ہی 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرتا ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں اوسط درجہ حرارت 40 ڈگری سے زیادہ ہوتا ہے۔
یہاں آنے والوں کے لیے بلند و بالا پہاڑ اور گھنے جنگلات بھی موجود ہیں جن سے وہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔
فوگ واک پرومینیڈ پر کشادہ راستے، بیٹھنے اور آرام کرنے کی جگہیں موجود ہیں، اس کے علاوہ وہ فوڈ ٹرک، کیفے اور مقامی ہنرمندوں کے دستکاری اور روایتی کھانے فروخت کرنے والے سٹال بھی لگے ہوتے ہیں۔
سالانہ فیسٹول ’سمر آف النماص‘ مقامی لوک فنون کے مظاہرے، کھیلوں کے مقابلے، بین الاقوامی مجسمہ سازی فورم اور مختلف ثقافتی ایونگز پر مشتمل ہوتا ہے۔
حال ہی میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے پرومینیڈ پر کی گئی ترقیاتی سرگرمیوں میں رات کے وقت روشنیوں کا انتظام، سبزہ زاروں کی بہتری اور سیاحت کے فروغ کے لیے اضافی سہولتیں شامل ہیں۔

عسیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا ہدف ہے کہ 2030 تک اس علاقے میں آٹھ ملین سیاحوں کو متوجہ کیا جائے۔ اس مقصد کے تحت 1.3 ارب سعودی ریال کی لاگت سے ایک تفریحی کمپلیکس تیار کیا جا رہا ہے جسے 2025 تک مکمل کیا جانا ہے۔
اس کمپلیکس میں آرکیڈ گیمز، تھیم پارک رائیڈز، سنیما، انڈور گالف کورس، بولنگ اور گوکارٹ ٹریک جیسی سہولیات شام ہوں گی۔
وژن 2030 کے تحت سیاحت کے شعبے میں مزید چھ ارب سعودی ریال کی سرمایہ کاری کی جائے گی جسے عسیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نو ارب ریال تک بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔