سعودی دارالحکومت کا کپیٹل سینڈز سپورٹس پارک، سپورٹس بولیوارڈ پروجیکٹ کا فلیگ شپ حصہ ہے جو صحرا کے قدرتی حسن کو مختلف کھیلوں کی سہولتوں کے ساتھ جوڑ دیتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے جنوب مشرق میں واقع یہ پارک رہائشیوں کے لیے معیارِ زندگی بہتر بناتا ہے، ان میں ورزش کا شوق پیدا کرتا ہے اور فطرت سے لطف اندوز ہونے کا موقع دیتا ہے۔

یہ سہولت اس سال کے شروع میں عوام کے لیے کھولی گئی تھی اور مملکت کے بڑھتے ہوئے سپورٹنگ نیٹ ورک اور تفریحی پیشکشوں کے سلسلے میں اہم اضافہ ہے۔
یہ پارک ریت کے ٹیلوں کے ایک وسیع قطعے سے گزرتا ہے جس میں 45 کلومیٹر کے کثیرالاستعمال ٹریلز بھی ہیں جو اسے طویل ترین اوپن ایئر پروجیکٹ کا درجہ دیتے ہے جو مملکت میں آؤٹ ڈور مشاغل کے لیے وقف ہے۔
سینڈز سپورٹس پارک کو ڈیزائن کرتے وقت مقامی میراث کو سامنے رکھا گیا تھا اور اس میں ان مقامات پر نجدی گلاب کے مجسمے رکھے گئے ہیں جہاں راستے آپ میں ملتے ہیں۔

اس پارک میں کئی سپیشلائزڈ ٹریلز مختلف سرگرمیوں کے لیے ہیں جن میں سائیکلنگ، پہاڑوں پر بائیکنگ کرنا، دوڑنا، چہل قدمی کرنا، ہائیکنگ اور گھڑ سواری شامل ہیں۔
اس پارک کی تعمیر کے دوران تین لاکھ 50 ہزار سکوائر میٹر پر پھیلے ہوئے ریت کے ٹیلوں کو ازسرِ نو شکل دی گئی اور راستوں میں سہولیات نصب کی گئیں جن کا مقصد قدرتی ماحولیاتی نظام کا تحفظ تھا اور جس سے مملکت کی نظر میں شہری ترقی اور پائیداری کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔
اس پارک میں سائیکلنگ کے بڑے مقابلوں اور لمبی ریسیں کرانے کے تمام انتظامات موجود ہیں جو دنیا میں سپورٹس کے نقشے پر اور ماحولی سیاحت کے لیے سعودی عرب کی موجودگی کا مظہر ہیں اور آؤٹ ڈور اور پائیدار تجربات میں بتدریج بڑھتی ہوئی بین الاقوامی دلچسپی سے تطابق رکھتے ہیں۔
