Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپنا سال پیدائش تبدیل نہ کریں، ٹوئٹرکی تنبیہ

مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنے صارفین کو اس جعل سازی سے ہوشیار رہنے کی تلقین کی ہے جس میں صارفین اپنا سال پیدائش تبدیل کر کے 2007 کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
اس جعل سازی میں ٹوئٹر صارفین کو کہا جاتا ہے کہ اس تبدیلی کے بعد ان کی ٹوئٹر اپیلیکیشن کا رنگ تبدیل ہو جائے گا۔
ٹوئٹر اکاؤنٹ بنانے کے لیے صارف کی کم از کم عمر 13 برس ہونا لازمی ہے، 2007 کو اپنا سال پیدائش بنانے والے صارف کی عمر 13 برس سے کم ہو جاتی ہے، نتیجتا اس پیشکش پر عمل کرنے والوں کا اکاؤنٹ لاک ہو جاتا ہے۔
ٹوئٹر نے صارفین کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’ازراہ کرم، ایسا نہ کریں۔‘
گذشتہ برس مئی سے ٹوئٹر 13 برس سے کم عمر صارفین کو اپنا پلیٹ فارم استعمال کرنے سے روک رہا ہے۔ مائکروبلاگنگ پلیٹ فارم نے اپنے استعمال کی شرائط میں واضح کر رکھا ہے کہ وہ بچوں کے لیے نہیں ہے۔
کچھ عرصہ قبل منظور کیے گئے جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن (جی ڈی پی آر) کے مطابق یورپی یونین کے ممالک میں کمپنیوں پر پابندی ہے کہ وہ 13 برس سے کم عمر صارفین کو خدمات فراہمی کے معاہدے نہیں کر سکتیں۔ 
ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ جو صارف اپنا اکاؤنٹ معطل کرا بیٹھے ہیں وہ ای میل پر دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اسے ان لاک کر سکتے ہیں۔
ٹوئٹر ایپلیکیشن کے رنگ بدلنے سے متعلق پیغامات گذشتہ کئی دنوں سے ٹوئٹر پر زیرگردش ہیں۔ پیر کے روز کی گئی ایسی ہی ایک ٹویٹ 20 ہزار سے زائد مرتبہ ری ٹویٹ کی گئی ہے۔
اس جعل سازی کا شکار ہونے والے صارفین میں سے ایک نے لکھا کہ وہ چند ٹویٹس میں تجویز کردہ ایک پرانی دھوکہ دہی کا شکار ہونے کے بعد اپنا سال پیدائش تبدیل کر بیٹھے۔ سنہ 2007 کا انتخاب کرنے کے بعد 13 برس سے کم عمر ہو جانے کی وجہ سے ان کا اکاؤنٹ کئی گھنٹوں کے لیے معطل رہا۔
حال ہی میں ٹوئٹر پر جعل سازی کی ایک اور کوشش میں ویریفائڈ یا تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو ہیک کر کے ان سے ایسی ٹویٹس کی گئی ہیں جن میں صارفین کو مفت بٹ کوائن دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔
 

شیئر: