Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”یہ کلب کرکٹ نہیں آئی پی ایل ہے“، کوہلی کا ایمپائرنگ پر غصہ

انڈین پریمیئر لیگ کے کپتان وراٹ کوہلی نے آئی پی ایل میچ کے دوران اپنی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کی ممبئی انڈینز کے ہاتھوں شکست کے بعد ایمپائرز کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
جمعرات کی شب کھیلے گئے میچ میں بنگلور کو میچ برابر کرنے کے لیے آخری گیند پر چھ رنز چاہیے تھے تاہم ممبئی کے لیستھ ملنگا کی گیند پر کوئی رن نہیں بن سکا۔ آخری گیند پھینکنے کے مناظر دوبارہ دکھائے گئے تو واضح تھا کہ لیستھ ملنگا نے بولنگ کریز عبور کر لی تھی جس پر یہ گیند نو بال قرار دی جانی چاہیے تھی۔
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم کلب کرکٹ نہیں آئی پی ایل کھیل رہے ہیں، یہ عجیب فیصلہ تھا، ایمپائرز کو اپنی آنکھیں کھلی رکھنی چاہیے تھیں۔
اپنی جھنجھلاہٹ کا اظہار کرتے ہوئے وراٹ کوہلی نے کہا کہ اس کھیل (ٹی 20) میں ذرا سا فرق کامیابی کو ناکامی میں بدل سکتا ہے، انہیں (ایمپائرز) کو زیادہ فعالیت اور تیزی دکھانی چاہیے تھی۔
گراﺅنڈ میں نصب اسکرینز پر آخری گیند پھینکے جانے کے مناظر دوبارہ اس وقت دکھائے گئے جب کھلاڑی میدان سے باہر جا چکے تھے۔ یہ مناظر دیکھ کر ممبئی انڈینز کے شائقین نے خاصا شورشرابا کیا لیکن اب تاخیر ہو چکی تھی۔
اگر یہ گیند نو بال قرار دے دی جاتی تو بنگلور کو نہ صرف ایک رن ملنا تھا بلکہ فری ہٹ پر چھکا لگا کر وہ میچ میں کامیابی بھی حاصل کر سکتے تھے۔
بنگلور کو پسند کرنے والوں نے ایمپائرز کو سوشل میڈیا پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ٹوئٹر صارفین کا کہنا تھا کہ ایمپائر کا فیصلہ درست ہوتا تو کامیابی انہی کی ٹیم کے قدم چومتی۔
ایشتوش آنند نامی صارف نے لکھا کہ آئی پی ایل میں ایمپائرنگ کا معیار ہمیشہ سے ناقص رہا ہے۔
دوسری جانب ممبئی انڈینز کے شائقین کی جانب سے وراٹ کوہلی اور ان کے فالوورز کو منافقت کا طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک درست بال کو وائڈ قرار دیئے جانے پر بنگلور نے خاموشی اختیار کی لیکن اپنا مفاد دیکھ کر شور مچانا شروع کر دیا۔
منوج مشرا نامی ٹوئٹر صارف نے رائل چیلنجر بنگلور کے زخموں پر مزید نمک چھڑکتے ہوئے ٹویٹ کی کہ نو بال ہوتی یا نہیں یہ طے ہے کہ بنگلور کی ٹیم جیت نہیں سکتی۔
قبل ازیں کانٹے دار مقابلہ کے دوران جنوبی افریقن کھلاڑی اے بی ڈی ویلیرز نے 41 گیندوں پر 70 رنز کی ناقابل شکست اننگ کے ذریعہ 188 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتی رائل چیلنجرز بنگلور کو مستحکم مقام پر لاکھڑا کیا تھا۔
انگلش آل راونڈر معین علی 13 رنز بنا کر رن آو¿ٹ ہوئے جب کہ ویرات کوہلی 46 رنز بنانے کے بعد 14ویں اوور میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔
 

شیئر: