Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گُل پلازہ آتشزدگی میں چھ ہلاکتیں، ’ویک اینڈ کی وجہ سے کئی دُکانیں کھلی ہوئی تھیں‘

کراچی کے علاقے صدر میں واقع گُل پلازہ میں لگنے والی آگ سے اب تک چھ افراد کی ہلاکت اور 30 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
سنیچر کی شب شہر کے مصروف تجارتی مرکز گل پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
مارکیٹ ایسوسی ایشن کے مطابق آگ گراؤنڈ فلور پر واقع ایک مصنوعی پھولوں کی دُکان میں لگی جو تیزی سے پھیلتے ہوئے دیگر دکانوں اور بالائی منزلوں تک پہنچ گئی۔
گل پلازہ میں بچوں کے کپڑوں، کھلونوں، گھریلو سجاوٹ کے سامان، لکڑی کے شو پیس، کروکری، پاکستانی اور امپورٹڈ برتنوں کی درجنوں دکانیں تھیں۔
آگ لگنے کے باعث کئی دکانوں میں موجود قیمتی سامان جل کر راکھ ہو گیا جس سے تاجروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

دُکانوں پر غیر معمولی رش تھا

ویک اینڈ اور رمضان سے قبل خریداری کے باعث ان دُکانوں پر غیر معمولی رش تھا۔ عام طور پر مارکیٹ رات 9 بجے بند ہونا شروع ہوجاتی ہے، تاہم ویک اینڈ کی وجہ سے کئی دکانیں کُھلی ہوئی تھیں۔
ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پولیس اور ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی رات 10 بجے کے بعد فائر فائٹرز اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔

پلازے کا ایک حصہ آگ کی شدت کے باعث گر چکا ہے اور آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں (فوٹو: اردو نیوز)

ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائر فائٹرز حفاظتی لباس پہن کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سیڑھیوں، واٹر کینن اور پائپوں کی مدد سے عمارت کے مختلف حصوں میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق آگ مال کے اس حصے میں لگنے کے بعد تیزی سے پھیل گئی جہاں دکانداروں نے درآمد شدہ کپڑے، ملبوسات اور پلاسٹک کی گھریلو اشیاء ذخیرہ کر رکھی تھیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 20 فائر ٹینڈرز اور چار سنارکلز کی مدد سے آگ پرقابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، پانی اور فوم کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

ریسکیو آپریشن میں تمام متعلقہ ادارے مل جل کر کام کریں: وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں تمام متعلقہ ادارے مل جل کر کام کریں اور لوگوں کے جان ومال کی حفاظت کے لیے تمام تر اقدامات لیے جائیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایات کی ہے۔
انہوں نے آتشزدگی سےجانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ تمام وسائل فراہم کیے جارہے ہیں، حکومت کی کوشش ہے آگ پر جلد از جلد قابو پایا جائے۔

 

شیئر: