Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بند کرنے کی سازش ہو رہی ہے، بلاول

  شکار پور... پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ کا نام تبدیل کرنا سازش ہے۔ یہ عمران خان کی سازش ہے ۔ حکومت یہ پروگرام ہی ختم کرنا چاہتی ہے۔پیپلزپارٹی میڈیا سیل کے مطابق اتوار کو شکار پور کے قریب شجرکاری مہم کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ یہ لوگ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ٹھٹھہ اور سہون میں بینظیر انکم سپورٹ کی رقم نہ ملنے پر خواتین احتجاج کر رہی ہیں۔یہ عوام دشمن اور غریب دشمن لوگ ہیں۔یہ لانگ ٹرم سازش ہے، یہ لوگ پہلے نام تبدیل کریں گے پھر رقم کم کریں گے۔ آخر میں پروگرام بند کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے پیسہ ضائع ہو رہا ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ ملک کا سب سے اچھا پروگرام ہے۔ ملک کی غریب خواتین کو اس سے طاقتور بنایا جا رہا ہے۔ غریب کے پاس پیسہ آئے گا تو معیشت بھی ترقی کرے گی۔ موجودہ حکومت امیر کو امیر تر بنانا چاہتی ہے۔یہی ہمارے اور پی ٹی آئی کے نظریئے میں اصل فرق ہے ۔ بلاول نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نہ صرف خواتین مضبوط ہو رہی ہیں بلکہ معیشت کو بھی طاقت مل رہی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف 18ویںترمیم ختم کرکے ملک میں ون یونٹ قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے یہ ملک،جمہوریت اور وفاق کیلئے اچھا نہیں ہوگا کوئی جمہوری سیاسی جماعت اس تجویز کی حمایت نہیں کرسکتی ۔ 
دوسری طرف مسلم لیگ (ن ) نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کے اعلان پر احتجاج کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کا اعلان سیاسی انتقام ہے ۔اگر حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی کو پارلیمنٹ میں لے کر آئی تو مسلم لیگ ن بھرپور مخالفت کرے گی ۔ اتوار کو ایک بیان میںن لیگ کے رہنما سینیٹرجاوید عباسی نے کہاکہ حکومت خود تو کچھ کر نہیں سکتی لیکن جنہوں نے عوام کے لئے کام کئے انکا نام بھی برداشت نہیں کرسکتے۔ بے نظیر بھٹو ایک لیڈر تھیں جنہوں نے سیاسی جدوجہد کرتے ہوئے شہادت پائی۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بے نظیر بھٹو کے نام سے جاری پروگرام کومزید آگے بڑھایا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کے اعلان پر احتجاج کرتے ہیں ۔
 

شیئر: