’شوہر نے ویڈیو کال پر کہا مار دو‘، واہ کینٹ میں خاتون رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل
’شوہر نے ویڈیو کال پر کہا مار دو‘، واہ کینٹ میں خاتون رشتہ داروں کے ہاتھوں قتل
جمعہ 2 جنوری 2026 12:53
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
واقعے کی رپورٹ واہ کینٹ تھانے میں درج، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے (فوٹو: اے پی پی)
’رات 10 بج کر 20 منٹ پر اچانک دروازے پر دستک ہوئی۔ میں نے اپنی بہن سمیرہ عزیز اور چچی سعیدہ کو دروازہ کھولنے سے منع کیا مگر اس دوران چچا امتیاز نے قطر سے کال کر کے کہا کہ دروازہ کھول دو۔‘
بیان کے مطابق ’چچی نے ہچکچاتے ہوئے دروازہ کھولا، پھر میری بہن کو اوپر کمرے میں لے جایا گیا۔ بیرون ملک سے شوہر نے ویڈیو کال پر بتایا کہ مجھے الگ کر دو اور سمیرہ کو ٹھکانے لگا دو۔ اس کے چند لمحوں بعد ملزمان نے پستول نکال کر فائرنگ کی اور میری بہن جان کی بازی ہار گئیں۔‘
یہ بیان راولپنڈی کے علاقے واہ کینٹ میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی خاتون کی بہن ثنا کا ہے جو انہوں نے پولیس کو دیا۔
30 دسمبر کو ہونے والی اس واردات میں شادی شدہ خاتون کو قطر سے راولپنڈی لایا گیا اور اپنے والد کے گھر میں قتل کر دیا گیا جبکہ ملزمان میں مقتولہ کے شوہر، چچا اور والد کے قریبی عزیز شامل ہیں۔
اس کی ایف آئی آر تھانہ واہ کینٹ میں درج کرائی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کی بہن ثنا خان نے پولیس کو بتایا کہ ان کی ہمشیرہ سمیرہ عزیز قطر میں اپنے شوہر کے ساتھ مقیم تھیں اور ایک ہفتہ قبل اپنے چچا کے ہمراہ پاکستان واپس آئی تھیں۔
’30 دسمبر کو شام ساڑھے سات بجے ہمارے والد کے قریبی عزیز ولید اور صابر گھر آئے۔ گھر میں ہمارے والد اور چند قریبی دوست بھی موجود تھے وہ کچھ دیر بیٹھ کر بات چیت اور مشورہ کرتے رہے اور میں خاموشی سے ان کی گفتگو سننے لگی۔ کچھ دیر بعد سب مرد گھر سے چلے گئے اور گھر میں صرف چچی سعیدہ، ہمشیرہ سمیرہ اور میں موجود رہ گئیں۔‘
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ’دستک پر دروازہ کھولا گیا تو دروازے پر دوبارہ ولید اور اسرار موجود تھے، جو میرے والد کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ وہ گھر میں داخل ہوئے۔ قطر سے چچا نے ہماری چچی کو فون پر بتایا کہ سمیرہ سے ولید اور اسرار نے اہم بات کرنی ہے اور پھر وہ سمیرہ کو لے کر اوپر والی منزل پر چلے گئے۔‘
واقعہ 30 دسمبر کو تھاہ واہ کینٹ کی حدود میں پیش آیا (فوٹو: اے ایف پی)
اس دوران مقتولہ کے شوہر سلیمان نے ویڈیو کال پر ملزمان کو کہا مجھے اور چچی کو سائیڈ پر کرو اور انہیں سمیرہ کو ٹھکانے لگا دو۔ پھر رات تقریباً ساڑھے دس بجے ملزمان ولید اور اسرار نے پستول سے فائرنگ کر دی، جس سے سمیرہ ہلاک ہو گئی۔‘
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کی بہن نے بتایا کہ سمیرہ کے شوہر نے قطر میں مبینہ طور پر کسی غیر مرد کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے انہیں پکڑا تھا اور اسی الزام کی بنیاد پر دیگر رشتہ داروں کے ساتھ مل کر اس کا قتل کروایا۔
واقعے کے وقت راولپنڈی پولیس کی موبائل وین گشت پر موجود تھی جسے فوری اطلاع دی گئی اور گشت پر موجود اہلکار موقع پر پہنچے۔ جہاں مقتولہ کی بہن نے تفصیلی بیان دیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزموں کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ مقتولہ کے چچا امتیاز اور شوہر سلیمان کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔
واقعے سے متعلق راولپنڈی پولیس کے ترجمان محمد عامر عباس نے اردو نیوز کو بتایا کہ ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ قطر میں موجود ملزمان کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔