Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوٹیوبرز کے لیے سلور، گولڈ اور ڈائمنڈ پلے بٹن کیا ہیں؟

شاہد عباسی ۔ اسلام آباد
 
ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کی ملکیتی ویڈیو سائٹ یوٹیوب اپنا پلیٹ فارم استعمال کرنے والے ویڈیو میکرز کی خدمات اور کارکردگی کے اعتراف میں انہیں مختلف سہولتیں اور اعزازات مہیا کرتا ہے۔
گولڈ پلے بٹن بھی ایسا ہی ایک اعزاز ہے جو دس لاکھ سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیب چینلز کو دیا جاتا ہے۔
گولڈ پلے بٹن یوٹیوب کی جانب سے دیا جانے والا اکلوتا اعزاز نہیں بلکہ معروف ویڈیو پلیٹ فارم اپنے چینلز مالکان کو سلور، ڈائمنڈ اور کسٹم پلے بٹن سے بھی نوازتا ہے۔
کاربن، زنک اور نکل سے بنا سلور پلے بٹن ان یوٹیوب چینلز کو دیا جاتا ہے جن کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ ہو جائے۔ مارچ 2018 کے بعد سے دیے جانے والے سلور پلے بٹن پر چینل کا نام بھی کنندہ ہوتا ہے۔
گولڈ پلے بٹن دس لاکھ سبسکرائبرز کے حامل چینلز کو دیا جاتا ہے۔  سونے کا پانی چڑھائی گئی باریک تہہ سے مزین دھاتی بٹن پر چینل کا نام کنندہ ہوتا ہے، یوٹیوب نے گولڈ پلے بٹن کے پرانے ڈیزائن کو مارچ 2018 میں تبدیل کر دیا تھا۔ یہ بٹن پانے والے چینلز مالکان کو یوٹیوب کے چیف ایگزیکٹو کا دستخط شدہ خط بھی دیا جاتا ہے جس میں ان کی کارکردگی کو سراہا گیا ہوتا ہے۔
ڈائمنڈ پلے بٹن ان چینلز کو دیا جاتا ہے جن کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر جائے۔ سلور رنگ کی بڑی پلیٹ پر مشتمل اس بٹن کے درمیان میں شیشے سے بنایا گیا پلے سائن نمایاں ہوتا ہے۔ مارچ 2019 تک یوٹیوب کی جانب سے صرف 374 چینلز کو ڈائمنڈ پلے بٹن اعزاز دیا گیا ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے کسٹم پلے بٹن ان چینلز کو دیا جاتا ہے جو پانچ کروڑ سبسکرائبرز کا سنگ میل عبور کر لیں۔ مارچ 2018 میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اب تک صرف تین چینلز کو یہ بٹن دیا گیا ہے۔ 29 سالہ سویڈش شہری کجیلبرگ پہلے یوٹیوبر ہیں جنہیں کسٹم پلے بٹن دیا گیا ہے۔ موسیقی سے متعلق ٹی سیریز نامی انڈین ادارہ کو دوسرا اور فائیو منٹ کرافٹ نامی امریکی یوٹیوب چینل کو تیسرا کسٹم پلے بٹن دیا گیا ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے سنہ 2005 میں پہلی بار اپنے صارفین کو موقع دیا گیا تھا کہ وہ اپنے پسندیدہ چینلز کو سبسکرائب کر سکیں۔ جس چینل کو سبسکرائب کیا جائے اس پر نئی ویڈیو شائع ہونے کی صورت میں صارفین کو ای میل اور نوٹیفیکیشن کے ذریعے نئے مواد کی اطلاع دی جاتی ہے۔
یوٹیوب گریفائٹ، اوپل اور برونز بھی یوٹیوب کے ایسے اعزازات ہیں جن میں ایوارڈز تو شامل نہیں ہوتے البتہ یہ چینل کے لیے فوائد کا سبب ضرور بنتے ہیں۔
ایک ہزار سے کم سبسکرائبرز رکھنے والے چینل کو گریفائٹ جب کہ ایک ہزار صارف پورا ہونے پر اوپل کا درجہ دیا جاتا ہے۔ اس مرحلہ کو پہنچنے والے یوٹیوب چینلز یوٹیوب پاٹنر پروگرام کا حصہ بن کر اپنی ویڈیوز کے ذریعے آمدن بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ دس ہزار سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوب چینلز کو برونز درجہ دیا جاتا ہے۔
  • پاکستانی جنہیں یوٹیوب کا گولڈ پلے بٹن دیا گیا
پاکستان میں بھی متعدد یوٹیوبرز کو ویڈیو پلیٹ فارم کی جانب سے گولڈ پلے بٹن سے نوازا گیا ہے۔ اپنے یوٹیوب چینل پر 13 لاکھ سبسکرائبرز رکھنے والے مبلغ مولانا طارق جمیل کو چند روز قبل یوٹیوب کی جانب سے گولڈ پلے بٹن دیا گیا ہے۔
آمنہ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہیں یوٹیوب کی جانب سے ان کے چینل ’کچن ود آمنہ‘ کے لیے گولڈن پلے بٹن دیا گیا تھا۔ 10 جولائی 2018 کو یہ اعزاز پانے والی آمنہ اس سے قبل ایک لاکھ سبسکرائبرز کی حد عبور کرنے پر سلور پلے بٹن بھی وصول کر چکی ہیں۔
’پی فار پکاؤ‘ نامی یوٹیوب چینل کے مالک نادر علی پہلے پاکستانی ہیں جنہیں ویڈیو ویب سائٹ کی جانب سے سنہ 2018 میں گولڈ پلے بٹن دیا گیا تھا۔ مئی 2016 میں اپنا چینلز شروع کرنے والے نادر علی نے دو برسوں میں اپنی مزاحیہ ویڈیو کی بنیاد پر 14 لاکھ صارفین کا سنگ میل عبور کیا تھا۔
یوٹیوب کی جانب سے اس سے قبل شام ادریس نامی پاکستانی نژاد کامیڈین کو بھی گولڈ پلے بٹن دیا گیا ہے تاہم وہ شروع ہی سے بیرون ملک مقیم ہیں اور ان کی ویڈیوز کے موضوعات بھی مقامی کے بجائے بین الاقوامی ناظرین کو مدنظر رکھ کر چنے جاتے ہیں۔
  • پلے بٹن ایوارڈز کا معیار
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی چینل کو ایوارڈ دینے سے قبل اس بات کا جائزہ لیتے ہیں کہ چینلز نے رہنما ہدایات پر کتنا عمل کیا ہے۔ ہر چینل کو ایوارڈ دینے سے قبل جائزے کے عمل سے گزارا جاتا ہے۔ 
سبسکرائبرز کی تعداد پورا ہونے کے تقریبا ایک ہفتہ کے دوران یوٹیوب کی جانب سے چینل مالک کو ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے اعزاز ملنے سے متعلق آگاہ کیا جاتا ہے۔ یہاں چینل مالک کو ایک خصوصی کوڈ دیا جاتا ہے جس کی مدد سے وہ ایوارڈز کے لیے خاص ایک ویب سائٹ پر اپنے پتہ اور چینل کے نام وغیرہ سے یوٹیوب کو آگاہ کرتا ہے۔ معلومات حاصل کرنے کے بعد یوٹیوب ایوارڈ تیار کر کے دو سے تین ہفتوں کے دوران چینل کے مالک کو بھیج دیتا ہے۔
 

شیئر: