Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی،پاکستان کی وارننگ

  اسلام آباد ...پاکستان نے ہند کو کسی بھی مہم جوئی کیخلاف وارننگ دی ہے ۔
 
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی ٹوئٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پریس بریفنگ کے بعد اسلام آباد میں متعین ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں وارننگ دی۔ 
قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے اتوار کو ملتان میں پریس کانفرنس میںکہا تھا کہ ہمارے پاس مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ ہند پاکستان کے خلاف جارحیت کا ایک اورمنصوبہ بنارہا ہے یہ جارحیت 16سے 20 اپریل تک ہوسکتی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو خطے پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے اسکا اندازہ خود لگایا جاسکتا ہے۔
وزیرخارجہ کے مطابق جارحیت کا جواز تلاش کرنے کے لئے پلوامہ جیسا ایک اور واقعہ بھی رونما کیا جاسکتا ہے تاکہ اس کی آڑ میں فوجی کارروائی کی جاسکے۔وزیر خارجہ نے بتایاکہ ان اطلاعات کے بعد اسلام آباد میں فوری طورپر پی فائیو ممالک کے سفارت کاروں کو وزارت خارجہ میںدعوت دی اور انہیں اس صورت حال سے آگاہ کیا۔ چاہتے ہیں کہ عالمی برادری اس غیرذمہ دارانہ رو ئیے کا نوٹس لے اور ہند کو تنبیہ کرے کہ وہ اس راستے پر نہ چلے۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی بتایاکہ ہندوستانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سیکیورٹی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے ایک اجلاس کے د وران ہندوستانی وزیراعظم مودی نے کہا تھاکہ فوج کو فری ہینڈ دے رکھا ہے۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ یہ کارروائی آزاد کشمیر تک محدودنہیں ہوگی۔ آزاد کشمیر کے باہر بھی پاکستان کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔ اس حوالے سے اب تک ہند کی جانب سے کوئی تردید بھی سامنے نہیں آئی۔
 

شیئر: