ہالی ووڈ: بڑے بجٹ کی کئی فلمیں ریلیز کے لئے تیار
2019ءمیں ہالی ووڈ کی کئی اہم فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں اور کئی بڑی فلمیں سکرین کی زینت بننے والی ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سال ہر کسی کی پسند کے مطابق کوئی نہ کوئی فلم ریلیز ہورہی ہے جس کے لیے شائقین خاصے پُرجوش ہیں اوران کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں ۔ اس حوالے سے ہم کچھ تفصیلات پیش کررہے ہیں جس سے فلم بینوں کو معلوم ہوسکے گا کہ رواں سال کے آخر تک کون کون سی اہم فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی اور شائقین کب انہیں دیکھ سکیں گے ۔
ایکشن اور تھرل سے بھرپورایونجرز اینڈ گیم 24 اپریل سے ریلیز ہو رہی ہے۔ سنیما شائقین اپنے پسندیدہ کرداروں کو اس فلم میں ایک ساتھ دیکھ سکیں گے۔اس فلم کو اینتھونی روسو اور جو روسو نے ڈائریکٹ کیا ہے اور فنکاروں میں رابرٹ ڈاونی، کرس ایونز، کرس ہیم ورتھ، جیریمی رینر،سکارلٹ جونسن شامل ہیں۔
گاڈزلہ سیریز کی نئی سائنس،فکشن اور ایڈونچر فلم گاڈزلہ، کنگ آف دی مونسٹرز 30 مئی کو ریلیز ہو رہی ہے۔ یہ فلم 200 ملین ڈالرز کے بجٹ سے تیار کی گئی ہے۔ فنکاروں میں چارلس ڈانس، سیلی ہاکنز،ویرا فارمگیا شامل ہیں۔
ایکشن فلم جان وک تھری رواں سال 16 مئی کو سنیما گھروں کی زینت بن رہی ہے۔ 20 ملین ڈالرز کے بجٹ سے تیار جان وک سیریز کی پہلی فلم 2014ءمیں ریلیز ہوئی تھی اور اس نے 88 ملین ڈالرز کا بزنس کیا تھا جبکہ 2017ءمیں ریلیز ہونے والی جان وک ٹو نے 171 ملین ڈالرز کمائے اور اس پر 40 ملین ڈالرز لاگت آئی تھی۔ ہالی ووڈ سٹار کیانو ریو کے ساتھ ہیلی بیری بھی اہم کردارنبھاتے ہوئے نظر آئیں گی۔ '' اسپیڈ'' اور ''دی میٹرکس'' جیسی کامیاب فلموں سے شہرت حاصل کرنے والے ہالی ووڈ اسٹار کیانو ریو کو اس فلم سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔