Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر پر اب الیکشن کے دوران جعلی خبروں کی روک تھام ممکن

ٹوئٹر نے ووٹنگ کے عمل میں مداخلت پر مبنی پیغامات رپورٹ کرنے کاآپشن متعارف کرا دیاہے۔
 میسیجنگ سروس میں ووٹنگ سے متعلق گمراہ کن ٹوئٹس کو رپورٹ کرنے کاآپشن شامل ہے۔
مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹویٹر کی جانب سے ’رپورٹنگ فیچر‘ انڈیا کے انتخابات کے دوران جعلی خبروں، افواہوں، اور غلط دعوﺅں کے ذریعے ووٹرز پر اثرانداز ہونے کی کوششوں کی روک تھام کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔یہ ابتدائی طور پر آپشن بھارت اور یورپ میں متعارف کرایاگیا ہے تاہم،اس آپشن سے بتدریج پوری دنیا کے صارفین استفادہ کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر پر انتخابات کے دوران مختلف افواہیں پھیلا کر رائے دہندگان پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی جاتی ہے۔اس فیچر سے ایسی تمام غلط اطلاعات کے تدارک میں مدد ملے گی۔

ٹوئٹر کے مطابق نیا فیچر آج جمعرات سے شروع ہونے والے انڈین انتخابات کے چوتھے مرحلے کے لیے فعال کردیا گیا ہے۔
 کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ آنے والے یورپی یونین کے انتخابات میں بھی اس فیچر کو استعمال کیا جاسکے گا۔
خیال رہے انڈیا کے انتخابات کو دنیا کا سب سے بڑا انتخاب قرار دیا جاتا ہے۔ ان انتخابات کا آغاز 11 اپریل کو ہوگیا تھا جو سات مراحل میں 19 مئی کو اختتام پذیر ہوں گے۔
 ٹویٹرکی جانب سے کی گئی پوسٹ کے مطابق'ٹویٹر پر انتخابات کے دوران صارفین کے درمیان ہونے والی بات چیت بہت اہمیت رکھتی ہے، آج سے ہم ووٹنگ کے دوران گمراہ کن خبروں کی روک تھام کے لیے رپورٹنگ فیچر متعارف کرارہے ہیں۔‘
’ہم انڈیا کے لوک سبھا کے الیکشن کے ساتھ اس فیچر کی شروعات کر رہے ہیں جس سے بعد میں پورپی یونین کے الیکشن اور دیگر انتخابات کے دوران بھی اس سہولت سے استفادہ حاصل کیا جاسکے گا۔'
ٹویٹر کے مطابق 'ووٹ کیسے دیں ' یا 'ووٹ رجسٹر کیسے کریں ' کے بارے میں غلط معلومات کی فراہمی ٹویٹر کے قوانین کی خلاف ورزی تصور ہوگی۔ ووٹنگ کی تاریخوں اور شناختی ضروریات کے بارے میں بھی غلط اور گمراہ کن معلومات پھیلانا بھی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آئے گا۔
اگر صارفین ٹویٹر پر ایسی معلومات دیکھیں تو ڈراپ ڈاﺅن مینو سے رپورٹ کا آپشن منتخب کرنے کے بعد 'یہ الیکشن کے بارے میں گمراہ کن اطلاع ہے' کا ذیلی آپشن منتخب کرکے رپورٹ کرسکتے ہیں۔

شیئر: