Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ انگلینڈ: پاکستان کا عمدہ آغاز، کینٹ کو 100رنز سے شکست

 
پاکستان کرکٹ ٹیم نے دورہ انگلینڈ کے ابتدائی پریکٹس میچ میں کینٹ کاؤنٹی کو 100رنزسے شکست دے کر دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کی مہم کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔
تین روزہ پریکٹس سیشن کے بعد پاکستان نے ہفتے کو ٹور کا پہلا 50 اوورز کا میچ کھیلا ۔ گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 358رنز اسکور کیے ۔ پاکستان کی بیٹنگ کی خاص بات عماد وسیم کی 78گیندوں پر 117رنز کی دھوا دھار اننگز تھی ۔ 
حارث سہیل نے 75، فخرزمان نے 76 اور امام الحق نے 39رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ 
کینٹ کاؤنٹی کے بائیں ہاتھ کے 25سالہ اسپنر، پاکستانی نژاد عمران قیوم نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 45رنز دیکر 4وکٹیں حاصل کیں ۔ 
359رنز کے ہدف کے حصول کیلئے کینٹ کی اوپننگ جوڑی کریولے اور ڈکسن کو صرف 10کے مجموعی اسکور پر فہیم اشرف نے پویلین کی راہ دکھائی ۔ رابنسن نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 49رنز پر حسن علی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں آوٹ ہوگئے ۔ 
ایلکس بلیک نے 6چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 89رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو شکست سے بچانے کی کوشش کی تاہم حسن علی نے انہیں اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کر دیا ۔ 
شاداب خان کی جگہ ٹیم میں شامل لیگ اسپنر یاسر شاہ نے مقررہ 10 اوورز میں تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، تاہم انہوں نے تین وکٹوں کے لیے 90رنز دیے۔ فہیم اشرف اور حسن علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کی خاص بات فخر زمان کی بولنگ تھی انہوں نے 2.1 اوورز میں کینٹ کے آخری دونوں بلے بازوں کو آؤٹ    کیا۔
 پاکستان اپنا دوسرا پریکٹس میچ نارتھمپٹن شائر کے خلاف میچ 29 اپریل کو کھیلے گا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ون ڈے سیریز 8 مئی سے 19 مئی کے درمیان کھیلی جائے گی ۔

 

شیئر: