Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلفی کے 'بخار' نے انڈیا میں تین نوجوانوں کی جان لے لی

 سیلفی کے 'بخار' نے انڈیا کے شہر پانی پت میں تین نوجوانوں کی جان لے لی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا کی ریاست ہریانہ میں ریلوے ٹریک پر سیلفی لیتے ہوئے تین نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق چار نوجوان ریاست ہریانہ کے شہر پانی پت میں ریلوے ٹریک پر سیلفی لیتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ گئے، تین نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ چوتھا نوجوان خوش قسمتی سے بچ  گیا۔
مقامی پولیس افسر ایم ایس دباس نے اے ایف پی کو بتایا کہ نوجوان ریلوے ٹریک پر سیلفی لے رہے تھے۔ 'جب چلتی ٹرین ان کے قریب پہنچی تو انہوں نے اس ٹریک سے ساتھ والے ٹریک پر چھلانگ لگا دی تاہم انہیں اس بات کا اندازہ نہیں ہوا کہ اس وقت دوسرے ٹریک پر بھی ٹرین آرہی تھی'
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کا گروپ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دوسرے شہر سے پانی پت آیا تھا۔ ہلاک ہونے والے دو نوجوانوں کی عمریں 18 اور 19 سال تھی۔

 حالیہ دنوں میں ماہرین خبردار کرتے رہے ہیں کہ نوجوان سیلفی کے جُنون میں مبتلا ہو کر اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
گذشتہ سال آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی ایک سٹڈی کے مطابق  2011 سے 2017 تک دنیا بھر میں 259 افراد سیلفی لیتے ہوئے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
2017 میں ریاست کرناٹکا میں ریلوے ٹریک پر سیلفی لیتے ہوئے تین طالب علم ہلاک ہو گئے تھے جبکہ اُڑیسا میں ایک شخص کو سیلفی لیتے ہوئے ہاتھی نے کُچل دیا تھا۔
انڈیا میں ریلوے ٹریک پر چلتی ٹرین کے ساتھ سیلفی لینے کا رُجحان اس قدر بڑھ گیا ہے کہ گذشتہ برس خود وزیر ریلوے کو متنبہ کرنا پڑا کہ لوگ سیلفی کی خاطر اپنی زندگیوں سے نہ کھیلیں۔
 

شیئر: