Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اہم شخصیات جو انڈوں اور جوتوں کا نشانہ بنیں

آسٹریلیا میں انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم سکاٹ موریسن پر خاتون نے انڈے سے حملہ کیا ہے تاہم وہ اس میں بچ نکلے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو نیو ساؤتھ ویلز میں انتخابی مہم کے دوران ایک خاتون نے آسٹریلوی وزیراعظم کے سر پر انڈا مارا تاہم نشانہ چوک جانے کی وجہ سے سکاٹ موریسن بچ نکلے ۔ 
حکام کے مطابق یہ واقعہ ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے شہر ایلبری میں خواتین کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں پیش آیا ۔ جس میں آسٹریلوی وزیراعظم اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں شریک تھے ۔ 
نیو سائوتھ ویلز پولیس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پر حملہ کرنے والی 25 سالہ خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
 کسی سیاست دان یا مشہور شخصیت پر اس طرح کا حملہ پہلی بار نہیں ہوا۔ ماضی میں بھی کئی اہم شخصیات پر جوتوں، تھپڑوں اور انڈوں سے حملے کیے جا چکے ہیں۔
اس تحریر میں ہم ماضی میں پیش آنے والے ایسے ہی چند اہم واقعات کا جائزہ لیتے ہیں ۔
14 دسمبر 2008 کو عراقی  دارالحکومت بغداد میں نیوز کانفرنس کے دوران امریکی صدر جارج بش پر جوتوں سے حملہ کیا گیا جس میں وہ بال بال بچے تھے ۔
امریکی صدر پر اپنے دونوں جوتے پھینکنے والے عراقی صحافی منتظر الزیدی کو موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حراست میں لے لیا تھا۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کا شمار بھی ان سیاست دانوں میں ہوتا ہے جن پر جوتے سے وار کیا گیا۔
نواز شریف کو 11 مارچ 2018 کو جامعہ نعیمیہ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے جوتا مارا گیا ۔ حملہ آور نے ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کا الزام مسلم لیگ ن کی حکومت پر لگایا تھا ۔
پولیس نے واقعے کے بعد حملہ آور اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کیا۔ جن پر عدالت میں مقدمہ بھی چلایا گیا ۔ 
سب سے زیادہ جوتے باری کا نشانہ بننے والے حکمران تائیوان کے صدر ماینگ رہے  جن کو جوتوں کے وار سے بچانے کے لیے پولیس کو 16 ہزار ڈالرز خرچ کرکے 149 جال خریدنا پڑے ۔ صدر ماینگ پر پہلی بار 19 اکتوبر 2013 کو کھیلوں کی ایک تقریب میں خطاب کے دوران جوتا پھینکا گیا تھا ۔ 
16 مارچ 2019 کو نیوزی لینڈ حملوں پر مسلمانوں کے خلاف بیان دینے والے ایک آسٹریلوی سینیٹر کے سر پر انڈا پھوڑ دیا گیا تھا ۔
آسٹریلوی سینیٹر فریزر ایننگز میلبورن شہر میں میڈیا سے گفت گو کر رہے تھے جب ان کے پیچھے کھڑے ایک نوجوان نے ہاتھ میں پکڑا انڈا ان کے سر پر دے مارا۔
سینیٹر فریزر کو انڈے کا نشانہ بنانے والے نوجوان کا نام ولیم کونولی تھا جو بعد میں ’ایگ بوائے‘ کے نام سے مشہور ہو گیا۔
سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن پر بھی 2014 میں جوتے سے حملہ کیا گیا ۔
ایک خاتون نے ہلری کلنٹن پر اس وقت حملہ کیا جب وہ لاس ویگاس ہوٹل میں لیکچر دے رہی تھیں ۔
خاتون حملہ آور کا نشانہ خطا گیا اور بعد میں اسے حراست میں لے لیا گیا ۔
پاکستان کے سابق فوجی صدر پرویز مشرف پر 2011 میں لندن میں ایک تقریب کے دوران جوتا پھینکا گیا۔
پرویز مشرف لندن میں اپنے حامیوں کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ حملہ آور کا جوتا پرویز مشرف کو نہ لگ سکا ۔ سکیورٹی حکام نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا تھا ۔
جوتے سے نشانہ بننے والے حکمرانوں میں ایران کے سابق صدر احمدی نژاد بھی شامل ہیں ۔ ان پر دورہ مصر کے دوران 5 فروری 2013 کو جوتے سے حملہ کیا گیا۔
حملہ کرنے والے شامی باشندے کا کہنا تھا کہ ایران، صدر بشار الاسد کی حمایت کر کے شام میں جنگ کو فروغ دے رہا ہے ۔
سابق چینی صدر وین جیا باؤ کو دو فروری 2009 میں اس وقت جوتا مارنے کی کوشش کی گئی جب وہ امریکی یونیورسٹی میں لیکچر دے رہے تھے تاہم وہ جوتے کا نشانہ بننے سے بچ گئے تھے۔
پاکستان کے صوبہ سندھ کے سابق وزیراعلیٰ ارباب غلام رحیم پر کراچی میں سندھ اسمبلی کی عمارت میں جوتے سے وار کیا گیا ۔ پیپلز پارٹی کی ایک خاتون کارکن نے ارباب غلام رحیم کے چہرے  پر انتہائی قریب سے اپنی جوتی مار دی تھی ۔
بھارت کی ریاست نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجری وال کو موتی نگر میں ایک روڈ شو کے دوران اس وقت ناخوش گوار صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک شخص نے ان کو تھپڑ دے مارا ۔ 
حملہ کرنے والے 33 سالہ شخص کو گرفتر کر کے مقدمہ درج کیا گیا۔

 

شیئر: