Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلوی بولر جائے رچرڈسن ورلڈ کپ سے باہر

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جائے رچرڈسن کندھے کی انجری کے باعث 30 مئی سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جائے رچرڈسن کندھے کی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے جس کے بعد ان کی جگہ کین رچرڈ سن کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
رچرڈسن رواں برس مارچ میں پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی ایک روزہ سیریز کے دوران کندھا زخمی کرا بیٹھے تھے، تاہم انہیں ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
ان کے کندھے کے حالیہ ٹیسٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے مکمل صحت یاب نہیں ہوئے۔
ٹیم کے فزیو تھراپسٹ ڈیوڈ بیکلے کا کہنا ہے کہ یہ یقیناً ٹیم اور جائے رچرڈسن کے لیے مایوس کن خبر ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جائے کے تازہ ترین ٹیسٹ، معائنے اور نیٹ پر بولنگ کی کوشش کے دوران سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کی ریکوری مطلوبہ رفتار سے نہیں ہو رہی ہے۔ 'اس لیے ہم نے سلیکٹرز سے مشورے کے بعد جائے کو ورلڈ کپ سے ڈراپ کرنے فیصلہ کیا ہے۔

22 سالہ جائے رچرڈسن اب تک 12 میچوں میں 26.33 کی اوسط سے 24 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، 26 رنز کے عوض 4 وکٹیں ان کی بہترین بولنگ ہے۔

آسٹریلیا نے ان فٹ جائے کی جگہ کین رچرڈسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے جب کہ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کو ایک بار پھر نظرانداز کیا گیا ہے۔
واضح رہے ہیزل ووڈ کو جنوری سے کمر کی انجری کے باعث آرام دیا گیا تھا، تاہم انہیں آسٹریلیا کی اے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں میچز کھیلے گی۔
ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اپنا پہلا میچ یکم جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔   
دوسری طرف ٹیم کے فاسٹ بولر مچل سٹارک کی طویل انجری کے بعد نیوزی لینڈ الیون کے خلاف ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں واپسی ہوئی ہے۔

اسٹارک پٹھوں کے کچھائو کے باعث تین ماہ تک کرکٹ سے دور رہے لیکن آج آسٹریلیا الیون کی جانب سے نیوزی لینڈ الیون کے خلاف ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں ان کی واپسی ہوئی ہے۔
آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا وارم اپ میچ ایک وکٹ سے جیتا تھا۔ اس میچ میں اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی بال ٹمپرنگ کے باعث لگنے والی ایک سالہ پابندی ختم ہونے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی تھی۔
دوسرے وارم اپ میچ کے لیے آسٹریلیا کی ٹیم اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، نتھن لیون، گلین میکسویل، ارون فنچ، عثمان خواجہ، شان مارش، الیکس کیرے، مائیکل نصر، مچل سٹارک اور سین ایبٹ پر مشتمل ہے۔  جب کہ نیوزی لینڈ الیون ہمیش رودرفورڈ، جارج واکر،  ول یانگ، ٹام لیتھم، جمی نیشم، ٹام بلنڈل، ڈیرل مچل، ٹاڈ اسٹلی، ڈاگ بریسول، بلیک ٹکنر اور ہمیش نینٹ پر مشتمل ہے۔ 

 

 

شیئر: