سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں اتوار سے جمعرات تک بارش کا الرٹ
شہریوں کو سیلاب سے متاثرہ مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے ممکت کے کئی علاقوں میں اتوار 14 دسمبر سے جمعرات تک بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا’ مکہ مکرمہ ریجن درمیانے درجے سے شدید بارش کی زد میں رہے گا۔ ژالہ باری، گرد وغبار اور سیلابی صورتحال متوقع ہے۔ الیث، القنفذہ، طائف،میسان، اضم، الرضیات متاثر ہوں گے۔‘
جبکہ جدہ بحیرہ، خلیص، رابغ، العاصمہ، المقدسہ، الکامل، تربہ، المویہ، الجموم اور الخرمہ میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
ریاض ریجن میں بھی بارش متوقع ہے، سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد وغبار سے ریاض شہر سمیت کئی علاقے متاثر ہوں گے۔
الشرقیہ ریجن، حائل، قصیم، الجوف، حدود الشمالیہ، تبوک، مدینہ، الباحہ، عسیر اور جازان کے علاقے درمیانے سے شدید بارش کی زد میں رہیں گے، جبکہ نجران میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا’ سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔‘
