امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر سے ایک ہزار ہتھیار برآمد کیے ہیں جن میں خود کار اسلحہ بھی شامل ہے ۔ اس واقعہ میں ایک 57 سالہ شخص کو بھی گرفتار کیا گیا جس کو بعد ازاں 50 ہزار ڈالرز کی ضمانت کرانا پڑی۔
امریکی اخبار لاس اینجلس ٹاٹمز کے مطابق پولیس نے ایک نامعلوم ٹیلی فون کال پر لاس اینجلس شہر کے علاقے شمالی بیورلے گلین بلوارڈ کے ایک مکان پر چھاپہ مارا ۔
اخبار کے مطابق پولیس دیگر اداروں کی معاونت سے جب صبح چار بجے 5 بیڈ رومز پر مشتمل مکان میں داخل ہوئی تو اسے غیر متوقع صورت حال کا سامنا کرنا پڑا ۔ گھر کے کمروں میں ہر طرف بندوقیں بکھری پڑی تھیں ۔
حکام کا کہنا ہے کہ 30 سکیورٹی اہلکاروں نے مسلسل 12 گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد مکان کے مختلف کمروں سے بندوقیں، پستول اور دیگر خود کار ہتھیار اکھٹے کر کے ان کی فہرست ترتیب دینے کی کوشش کی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں موجود شخص جیراڈ سائنز کو کیلی فورنیا کے اسلحہ رکھنے کے قوانین کی خلاف ورزی اور ممنوعہ ساخت کی بندوقیں رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں جدید خود کار ہتھیار اور 50 بور کی مشین گنز شامل ہیں ۔
کیلی فورنیا کے قوانین کے تحت مخصوص حالات کے علاوہ جدید خودکار ہتھیاروں اور 50 بور کی مشین گن کی تیاری، فروخت اور منتقلی پر پابندی ہے۔
حکام کے مطابق جیراڈ سائنز نے یہ اسلحہ فروخت کرنے کے لیے گھر کے مختلف حصوں میں چھپا رکھا تھا۔
لاس اینجلس پولیس کے لیفٹیننٹ کرس ریمرائز نے موقع پر موجود رپورٹرز کو بتایا کہ اسلحے کا ذخیرہ ٹرک میں ڈال کر گھر سے منتقل کر دیا ہے جسے ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔
لیفٹیننٹ کرس ریمرائز کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑا ذخیرہ ہے۔ ’یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ کوئی شخص اسلحے کا اتنا بڑا ذخیرہ کس طرح اپنے گھر میں جمع کر سکتا ہے۔‘
پولیس نے اسحلہ برآمد کرنے کے بعد معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے ۔
فیڈرل لا انفورسمنٹ آرگنائزیشن کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جیراڈ سائنز فیڈرل لائسنس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے گھر میں ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس فروخت کر رہا تھا۔
گرفتار ہونے والے جیراڈ سائنز کو 50 ہزار ڈالرز کے مچلکے جمع کرانے کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا ۔
اسلحہ ساز گھر کس کی ملکیت ہے؟