Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں چاند نظر آگیا ، منگل کو عیدہو گی 

سعودی سپریم کورٹ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پیر کو عید کا چاند نظر آنے کا ثبوت فراہم ہو نے پر منگل کو سعودی عرب میں عید ہو گی ۔ 
اسی طرح ایوان شاہی نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے ملنے والی اطلاع کے بعد مملکت بھر میں منگل کو عید منائی جائے گی ۔ ایوان شاہی اس موقع پر سعودی شہریوں سمیت مقیم غیر ملکیوں اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دیتا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق پیر کو حوطہ سدیر کے علاوہ تمیر اور دیگر بالائی علاقوں میں ماہرین فلکیات کے علاوہ رویت ہلال کمیٹی کے ارکان عید کا چاند دیکھنے کیلئے جمع ہوئے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سدیر میں جہاں عام طور پر چاند نظر آنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں وہاں سورج غروب ہونے تک چاند نظر نہیں آیا تاہم تمیر میں چاند دیکھنے والوں نے ہلال کا مشاہدہ کر کے اپنی گواہی سپریم کورٹ میں ریکارڈ کر دی جس کی بنیاد پر سپریم کورٹ نے عید کا اعلان کر دیا ۔ 
اس سے قبل ماہرین فلکیات نے کہا تھا کہ پیر کو عید کا چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ عید کا چاند سورج غروب ہونے سے پہلے ولادت کرے گا اور سورج غروب ہونے کے 2منٹ بعد ڈوب جائے گا ۔ 

عید کا چاند دیکھ کر اپنی گواہی ریکارڈ کرنے والے سعودی ماہر متعب البرغش نے کہا ہے کہ میں اور میری ٹیم تمیر میں تھے جہاں  مطلع صاف ہونے کی وجہ سے مقامی وقت کے مطابق 6بجکر45منٹ پر عید کا چاند واضح طور پر ہمیں نظر آیا ۔ عید کا چاند میں نے خود دیکھا اور میرے ساتھ 4دیگر ساتھیوں نے بھی اس کا مشاہدہ کیا ۔ 
 

شیئر: