Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی ممالک میں گرمی کی شدید لہر، کویت میں جمعے کا خطبہ مختصر کر دیا گیا

سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ کویت سمیت دیگر عرب ریاستوں میں بھی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے سے مقامی شہریوں اور غیر ملکیوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا جا رہا ہے۔
سعودی عرب کے ماہر موسمیات حسن کرانی نے سبق نیوز کو بتایا کہ مملکت کی جانب گرم ہوا کا دباﺅ بڑھ رہا ہے جس سے سائے میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
مملکت کے مغرب سے وسطی اور شمال سے مشرقی سمتوں سے آنے والی ہوائیں انتہائی گرم اور خشک ہوں گی۔ سعودی عرب کے وسطی اور شمالی علاقوں میں گرمی کی شدت غیر معمولی ہو گی۔ شدید گرم موسم میں خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے دوپہر کے وقت اشد ضرورت کے علاوہ باہر نہ نکلیں اگر باہر نکلنا لازمی ہو تو چھتری کا استعمال کریں اگر چھتری نہ ہو تو سر ڈھانپ کر رکھیں تاکہ براہ راست گرم ہوا سے بچا جاسکے۔ 
عسیر ریجن کی بلدیہ نے موسم گرما میں صفائی کے کارکنوں کو دھوپ کی شدت سے بچانے کےلئے خصوصی ٹرالیاں فراہم کی ہیں جن پر چھتری کا بھی بندوبست ہے ۔ بلدیہ کے وہ اہلکار جو سڑکوں کی صفائی پر مامور ہیں ان کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں خصوصی ٹرالیوں کے ساتھ ہیڈ بھی فراہم کئے جاتے ہیں جبکہ کام کا دورانیہ بھی کم کر دیا جاتا ہے۔
 

٭کارکنوں سے دھوپ میں کام نہ کرائیں 
سعودی عرب میں وزارت محنت کی جانب سے مملکت میں کام کرنے والی تعمیراتی اور دیگر کمپنیاں جو مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کرتی ہیں انہیں ہر برس سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ موسم گرم میں کارکنوں سے دوپہر 12 سے سہہ پہر 3 بجے تک کھلی دھوپ میں کام نہ کرائیں ۔ وزارت محنت کی جانب سے یہ پابندی 20 ستمبر تک جاری رہتی ہے۔ وزارت محنت نے تمام شہروں میں ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اس امر کا جائزہ لیتی ہیں کہ تعمیراتی کارکن کھلی دھوپ میں ممنوعہ اوقات میں کام تو نہیں کر رہے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کئے جاتے ہیں ۔وزارت محنت کی جانب سے اس حوالے سے ہینڈ بلز اور معلوماتی کتابچے بھی تقسیم کئے جاتے ہیں جن پر احتیاطی تدابیر اور احکامات درج ہوتے ہیں ۔
سعودی عرب میں ان دنوں شدید گرمی کے باعث دن کے اوقات میں مارکیٹوں میں لوگوں کی آمد رفت نہ ہونے کے برابر ہے بیشتر مارکیٹیں شام 5 بجے کے بعد کھلتی ہیں ۔ 
٭ کویت میں خطبہ جمعہ کا دورانیہ محدود
دوسری جانب کویت میں گرمی کی شدت کے پیش نظر وزارت اسلامی امور نے سرکلر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ تمام مساجد میں خطبہ جمعہ کو مختصر کیاجائے تاکہ وہ افراد جو دیر سے مسجد پہنچتے ہیں اور انہیں مسجد کے اندر جگہ نہیں ملتی دھوپ میں نماز ادا نہ کریں ۔ وزارت اسلامی امور و اوقاف نے کہا ہے کہ ان علاقوں میں جہاں آبادی زیادہ ہے خطبہ جمعہ کو 10سے 15 منٹ تک محدود کردیاجائے تاکہ نمازیوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

شیئر: