Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج موسم میں ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبہ تیار

ہنگامی منصوبے کے نفاذ میں 33 سرکاری ادارے حصہ لیں گے
سعودی عرب نے حج موسم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبہ تیارکرلیا ہے۔
وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
عاجل نیوز ویب کے مطابق حج موسم میں امن و سلامتی اور سکون و اطمینان قائم کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے تمام انتظامات کر لیے گئے۔ حجاج کو ممکنہ مسائل سے بچانے کے لیے تمام توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔
ہنگامی منصوبے کے نفاذ میں 33 سرکاری ادارے حصہ لیں گے۔ ضرورت پڑنے پر کسی بھی ادارے کو شامل کیا جا سکے گا۔ رضا کاروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔
حکام کے مطابق رواں سال حج موسم کے لیے ہنگامی منصوبہ گذشتہ برسوں کی خامیوں سے پاک ہو گا۔ ہنگامی سکیمیں جدید خطوط پر استوار کی گئی ہیں۔

ہنگامی منصوبہ منیٰ، مزدلفہ، عرفات، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے بنایا گیا ہے

شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے زائرین کو حج موسم کے دوران ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے تمام محکموں اور اداروں کو جملہ تیاریاں کرنے اور رکھنے کی ہدایت کر دی گئی۔
محکمہ شہری دفاع کے ڈائریکٹر سلمان العمرو نے ایس پی اے کو بتایا کہ ہنگامی منصوبے میں تمام احتیاطی تدابیر شامل ہیں۔ حجاج کو موسمی مسائل اور قدرتی آفات سے بچانے کے لیے ہلال احمر، وزارت صحت اور شہری دفاع کے اداروں نے خصوصی سکیمیں تیار کی ہیں۔ یہ سب منظورکرلی گئی ہیں۔
ہنگامی منصوبہ منیٰ، مزدلفہ، عرفات، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے بنایا گیا ہے۔ حج شاہراہوں کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے۔ 
 واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جدہ کے قصر السلام میں منعقدہ اجلاس کے آغاز میں تمام سرکاری اور نجی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ حج پر آنے والے تمام مہمانوں کو حج کے کام انجام دینے میں آسانیاں فراہم کریں۔ امن و امان مہیا کریں اور ہوائی اڈوں ، بندرگاہوں اوربری سرحدی چوکیوں پر معیاری خدمات پیش کریں۔ ہر برس کی طرح امسال بھی مسجد الحرام اور مسجد نبوی نیز منیٰ ، مزدلفہ اورعرفات آنے والوں کو حج شاہراہوں پر تمام سہو لتیں فراہم کریں۔ 
 

شیئر: