Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سانحہ نیوزی لینڈ کے200 متاثرین شاہی ضیافت میں حج کریں گے

سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے 200 رشتہ داروں اور زخمیوں کو اس برس اپنی میزبانی میں حج کرائیں گے۔
 حملوں میں 50افراد ہلاک اور اتنے ہی زخمی ہوئے تھے۔ہلاک ہونے والوں میں نو پاکستانی بھی شامل ہیں۔ متاثرین کا تعلق انڈیا، بنگلہ دیش، افغانستان، اردن اور مصر سمیت چھ عرب ممالک سے ہے۔
الشرق الاوسط کے مطابق  نیوزی لینڈ سے حج پر آنے والے شاہی مہمانوں کے انتظامات سعودی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی کرے گی۔ شاہ سلمان ہر سال دنیا بھر سے سینکڑوں مسلم شخصیات کو اپنی ضیافت میں حج کراتے ہیں۔

کرائسٹ چرچ حملے کے متاثرین کا تعلق انڈیا، بنگلہ دیش، افغانستان، اردن اور مصر سمیت چھ عرب ممالک سے ہے۔ فوٹو اے ایف پی

وزیراسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ  نے بتایا کہ سفر حج کی کارروائی نیوزی لینڈ میں سعودی سفارتخانہ انجام دے گا اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کرے گا۔ سفارتخانے کو شاہی فرمان پر تعمیل کی ہدایت کردی گئی ہے۔
سعودی عرب کے ممتاز علماء نے نیوزی لینڈ کے دہشتگردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے عزیز و اقارب اور زخمی ہونے والوں کو شاہی ضیافت میں حج کرانے کے فیصلے پر انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے برادر اور دوست ممالک کے ساتھ سعودی عرب ، اس کے قائدین اور عوام کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔ اس سے جاں بحق ہونے والوں کے خاندان والوں کا دکھ درد کم ہوگا اور زخمیوں کو بھی سکون ملے گا۔
ممتاز علماء بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی  انسانیت کی دشمن ہے۔ اس کا نہ کوئی مذہب ہے اور نہ ہی کوئی قومیت ہے۔ دہشت گردی سے متاثرین کو شاہی ضیافت میں حج کروانے سے دہشت گردی کے خلاف واضح پیغام بھی جائے گا۔
سانحہ نیوزلینڈ کے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہونے والے پاکستان کے نو شہریوں کے نام دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سہیل شاہد، سید جہانداد علی،مھروب ہارون، سید اریب احمد، محبوب ہارون، نعیم راشد انکا بیٹا طلحہ، ذیشان رضا، غلام حسین، انکا بیٹا اکرم تھے۔

نیوزی لینڈ میں سعودی سفارتخانے کو انتظامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

عرب میڈیا کے مطابق  نیوزی لینڈ میں مصری سفیر نے بتایا تھا کہ مصر کے  چارشہری دہشت گرد حملے میں ہلاک ہوئے۔ افغانستان کا مطیع اللہ صافی اور بنگلہ دیش کے تین شہری ہلاک ہونے والوں میں شامل تھے۔
اردنی دفتر خارجہ کے مطابق  چاراردنی ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔ انڈیا کا ایک شہری فرحاج احسن بھی ہلاک ہوا تھا۔
وزیراسلامی امور نے اس سے قبل بتایا تھا کہ اس برس شاہ سلمان کی ضیافت میں 72ممالک کے 1300افراد حج کریں گے اور وزارت ہی میزبانی کے فرائض انجام دے گی۔ نیوزی لینڈ والے اس تعداد میں شامل نہیں۔ علاوہ ازیں شہدائے فلسطین کے ایک ہزار اعزہ بھی شاہی ضیافت میں حج کریں گے۔

شیئر: