سعودی عرب کا پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم
اتوار 19 اکتوبر 2025 22:37
علاقائی اور بین الاقوامی امن کے فروغ کے لیے کوششوں کی سپورٹ کا اعادہ کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب علاقائی اور بین الاقوامی امن کے فروغ کے لیے کوششوں کی سپورٹ کا اعادہ کرتا ہے جن کا مقصد امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا کہ’ ہمیشہ اس امر کے خواہاں ہیں کہ دونوں برادر ملک پاکستان اورافغانستان میں امن و استحکام برقرار رہے اور ان کے عوام خوشحال رہیں۔‘
’اس بات کے بھی متمنی ہیں کہ مثبت اقدام سے دونوں ملکوں کی سرحدوں پر ہونے والی کشیدگی کا خاتمہ ہو۔‘
سعودی وزارت خارجہ نے جنگ بندی کے حوالے سے قطر اور ترکیہ کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔
قبل ازیں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین قطر میں ہونے والے مذاکرات میں جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
سرحدی علاقوں میں کئی دن کی شدید جھڑپوں کے بعد پاکستان اور افغانستان کے اعلیٰ سطح کے وفود سنیچر کو مذاکرات کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے تھے۔
مذاکرات کرنے والے ان وفود کی سربراہی پاکستان اور افغانستان کے وزراء دفاع خواجہ محمد آصف اور ملا محمد یعقوب مجاہد کر رہے تھے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے بھی اتوار کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’اسلامی جمہوریہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا ایک دور دوحہ میں منعقد ہوا جس میں ریاستِ قطر اور جمہوریہ ترکیہ نے ثالثی کی۔‘
’مذاکرات کے دوران فریقین نے فوری جنگ بندی اور دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن اور استحکام کو مستحکم کرنے کے لیے طریقہ کار کے قیام پر اتفاق کیا۔‘
افغان کی حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس اکاؤنٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ ’معاہدے کی شرائط کے تحت فریقین نے ایک مرتبہ پھر امن، باہمی احترام اور مضبوط و تعمیری ہمسایہ تعلقات کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔‘
’فریقین نے یہ عہد بھی کیا کہ وہ مسائل اور تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے۔ ایک جامع اور بامقصد جنگ بندی پر باہمی طور پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔‘
