Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پومپیو کا محمد بن سلمان سے رابطہ،آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تبادلہ خیال

سعودی ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کیا۔
انہوں نے آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر کو درپیش خطرات کے تناظر میں محفوظ جہاز رانی کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی ولیعہد اور امریکی وزیر خارجہ نے علاقائی چیلنجوں اور ان سے نمٹنے کی تدابیر پر مذاکرات کئے۔دونوں نے اقوام متحدہ کے ایلچی برائے یمن مارٹن گریفتھز کے ہاتھ مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکروں پر حملے کے بعد خطے میں کشیدگی ہے۔

سعودی کابینہ نے کہا تھا کہ ایران بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

اس سے قبل سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے خطے کی سکیورٹی مزید بڑھانے کے لیے سعودی عرب میں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکہ سعودی عرب کو مشرق وسطیٰ میں اپنا بہترین پارٹنر کے طور پر دیکھتا ہے اور ایران کے اثر کو کم کرنے کے لیے اسے اہم سمجھتا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی کابینہ نے واضح کیا تھا کہ عالمی جہاز رانی کے حق کو کسی بھی طرح سے نقصان پہنچانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔عالمی برادری اسے روکنے اور خلاف ورزی کرنے والے فریق کو سبق سکھانے کےلئے اقدام کرے۔ایران جو کچھ کر رہا ہے وہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
سعودی کابینہ نے ایران سے متعلق خصوصی رپورٹ پر توجہ دلائی تھی کہ ایران خلیج عرب میں برطانوی آئل ٹینکر پر قبضے سمیت جتنی سرگرمیاں کر رہا ہے وہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

شیئر: