Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حاجیوں کے لیے ’سمارٹ حج کارڈ‘ کا اجراء آئندہ برس

آئندہ حج موسم میں ہر حاجی کو ’سمارٹ حج کارڈ‘ دیا جائے گا۔ اسمارٹ کارڈ کے حامل حاجیوں کو ارض مقدس میں قیام کے دوران پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ ایک قسم اس کا شناختی کارڈ ہوگا جس میں حاجی کے مکمل کوائف، ویزے کی مدت، پیکیج کی تفصیلات، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، منی، مزدلفہ، عرفات میں قیام کی جگہوں، خیموں کا پتہ، صحت معلومات اور دیگر ضروری کوائف درج ہوں گے۔
مقامی اخبار عکاظ، مکہ اور سبق ویب سائٹس کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے سمارٹ حج کارڈ کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی مدد سے حاجی کو سعودی ایئرپورٹ پر پاسپورٹ دکھانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
 مقدس مقامات تک جانے کے لیے ٹرین کی ٹکٹ لینے کےلئے لمبی قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا۔ قیام گاہ کا راستہ بھولنے پر کارڈ سکینر مشینوں سے لوگ اپنے خیمے کا پتہ معلوم کرسکیں گے۔ اگر حاجی بیہوش ہوجائے تو کارڈ کی مدد سے معلوم ہوسکتا ہے کہ اس کا صحت ریکارڈ کیا ہے۔

وزارت نے کہا ہے کہ سمارٹ کارڈ کے ذریعے یہ بھی معلوم کیا جاسکتا ہے کہ حاجی اس وقت کہاں ہے، وہ کب جمرات پل گیا تھا، کتنی دیر میں رمی کی اور کتنی دیر میں طواف مکمل کیا۔
سمارٹ کارڈ کے ذریعے غیر قانونی حج کا مکمل انسداد ہوگا۔ حج اور عمرہ پر آنے کے بعد مملکت میں غیر قانونی قیام اور ویزے کی مدت سے تجاوز کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔
سمارٹ کارڈ کی ایپلی کیشن موبائل پر ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔ ایپلی کیشن سے کارڈ سکین کرکے حاجی کی مکمل معلومات فراہم ہوجاتی ہیں۔ اگر حاجی گمشدہ ہوجائے تو کوئی بھی شخص کارڈ اسکین کرکے اس کی مدد کرسکتا ہے یا اسے اس کے ٹھکانے پر پہنچا جاسکتا ہے۔
وزارت حج نے کہا ہے کہ منی میں غیر متعلقہ افراد کا خیموں میں داخلہ روکنے کےلئے کارڈ کی مدد لی جائے گی۔ آئندہ برس خیموں میں داخلے کےلئے کارڈ سکین کرنا ہوگا۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بھی ہوٹلوں کے کمروں میں داخل ہونے کے لئے کارڈ کا استعمال ہوگا۔
 

شیئر:

متعلقہ خبریں